پی ایچ سی کے بی پورہ کا بھی دورہ کیا ، عوام کے استعمال کیلئے اینالائزر وقف کیا
کلگام//وزیر صحت ، میڈیکل ایجوکیشن ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے آج کلگام کے کے بی پورہ علاقے کا دورہ کیا اور عوامی مسائل کو حل کرنے اور مقامی ترقیاتی ضروریات کا جائیزہ لینے کیلئے ایک عظیم الشان عوامی دربار منعقد کیا ۔ اس موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے شفاف انتظامیہ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ نے عوام کے مسائل اور شکایات کو حل کرنے کیلئے ایک خصوصی میکانزم ’ رابطہ پبلک آؤٹ ریچ آفس ‘قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہماری ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر شہری ، چاہے وہ کسی بھی مقام پر ہو ، کو معیاری صحت کی خدمات اور دیگر بنیادی ضروریات تک رسائی حاصل ہو ۔ آج کا عوامی دربار شفاف گورننس ، جوابدہی اور عوامی مسائل پر فوری ردِ عمل کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی آواز کسی بھی کونے سے سُنی جائے اور کے بی پورہ اور اس کے ملحقہ تمام علاقوں کو یکساں توجہ اور ترقیاتی ترغیب ملنی چاہئیے ۔
وزیر موصوفہ نے زور دیا کہ مسٹر عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوام کے ترقیاتی تقاضوں اور دیگر مسائل کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بہتر بنیادی ڈھانچے ، مقامی نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع اور فلاحی اسکیموں کے بہتر نفاذ پر توجہ دے رہی ہے ۔ عوامی دربار کے دوران محترمہ سکینہ ایتو نے مقامی رہائشیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور مطالبات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے کے بی پورہ ۔ ہاکواس روڈ کی اپ گریڈیشن ، جے کے بینک کی برانچ اور اے ٹی ایم کے قیام ، گرلز مڈل اسکول کی اپ گریڈیشن ، صحت مراکز اور تعلیمی اداروں میں عملے کی تعداد میں اضافہ ، لائیبریری اور ریڈنگ روم ، شادی ہال ، عوامی پارک اور کھیل کے میدان جیسے مختلف مسائل اٹھائے ۔ وزیر نے عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ دور دراز علاقوں میں وقتاً فوقتاً جائیزہ لیں اور فیلڈ وزٹ کریں تا کہ عوامی فلاح و بہبود کی خدمات کی موثر نگرانی کی جا سکے ۔ اس سے قبل وزیر صحت نے پرائمری ہیلتھ سینٹر ( پی ایچ سی ) کے بی پورہ کا دورہ کیا اور عوامی استعمال کیلئے ایک اینالائزر مشین وقف کی ۔










