سکینہ ایتو نے کلگام میں سڑک ، اسکول اور صحت کی دیکھ بھال کے منصوبوں کی بنیاد رکھی

سکینہ ایتو نے کلگام میں سڑک ، اسکول اور صحت کی دیکھ بھال کے منصوبوں کی بنیاد رکھی

عوامی رابطہ کیمپ کی صدارت کی ، ترقیاتی اور فلاحی مسائل سُنے

کلگام//وزیر برائے تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت اور طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے کلگام کا دورہ کیا اور بنیفلاہ اور ملحقہ علاقوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھی ۔ وزیر کی موجودگی میں سڑک ، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے اور ضلع کے دور دراز علاقوں میں عوامی رابطہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا تا کہ صحت ، تعلیم اور سڑکوں کی رابطہ کاری کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے ۔ اپنے دورے کے دوران وزیر نے زنگل پورہ میں ہیلتھ سب سینٹر کی تعمیر کی بنیاد رکھی جس کی لاگت 29 لاکھ روپے مختص کی گئی ہے ۔ یہ منصوبہ آر اینڈ بی سب ڈویژن دیو سر کے ذریعے عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ کینہ ایتو نے بنیملاہ میں چھ کمرے والے دو منزلہ اسکول کی عمارت کی تعمیر کیلئے بنیادی پتھر بھی رکھا جس کی مختص لاگت 95.88 لاکھ روپے ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے بنیملاہ روڈ کی تعمیر کیلئے بھی بنیادی پتھر رکھا جو 1.53 کلو میٹر طویل ہے اور اس کی تخمینہ لاگت 382.80 لاکھ روپے ہے ۔ وزیر نے چندرگی بنیملاہ میں آیوش سینٹر کی بنیاد رکھی جس کی تخمینہ لاگت 29.12 لاکھ روپے ہے تا کہ مقامی آبادی کیلئے صحت کی سہولیات اور روائتی ادویات کے نظام تک رسائی کو بہتر بنایا جا سکے ۔ یہ منصوبے علاقے میں ترقیاتی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور صحت ، تعلیم اور سڑک کی رابطہ کاری سمیت ضروری عوامی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کیلئے ہیں ۔ محترمہ سکینہ ایتو نے مقامی لوگوں سے بات چیت اور ترقی و فلاح و بہبود کے مسائل کے ساتھ ساتھ ان تک سرکاری خدمات کی دستیابی کے بارے میں پوچھا ۔ انہوں نے لوگوں کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو غور سے سُنا اور گراؤنڈ لیول پر عوامی خدمات کی موثر فراہمی کی اہمیت پر زور دیا ۔ وزیر کے ہمراہ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ڈائریکٹر آیوش ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کلگام ، چیف ایجوکیشن آفیسر کلگام ، چیف میڈیکل آفیسر کلگام ، ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی کلگام اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے ۔