بہتر شفافیت ، مضبوط کوالٹی اشورینس اور صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کے موثر انتظام پر زور دیا
سرینگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے جموں و کشمیر میڈیکل سپلائیز کارپوریشن لمٹیڈ کی کارکردگی اور کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے ایک جامع جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ جائیزہ کے دوران وزیر نے خریداری کے طریقہ کار ، انوینٹری منیجمنٹ ، ادویات کی تقسیم کے نیٹ ورک ، کوالٹی اشورینس پروٹوکول ، سپلائی چین آپریشنز ، وینڈر کی کارکردگی اور ادویات ، طبی آلات اور صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق جاری خریداری کے منصوبوں کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے سرکاری صحت کی دیکھ بھال کے اداروں میں معیاری ادویات ، سرجیکل استعمال کی اشیاء ، تشخیصی سامان اور طبی آلات کی بلا تعطل دفستیابی کو یقینی بنانے میں جے کے ایم ایس سی ایل کے اہم کردار پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی خدمات کو مضبوط بنانے اور مریضوں کی صحت کا خیال رکھنے کیلئے ایک ذمہ دار اور اچھی طرح سے نگرانی کا نظام بنیادی حیثیت رکھتا ہے ۔ وزیر نے جموں و کشمیر میں ایک موثر ، شفاف اور جوابدہ طبی خریداری اور تقسیم کے نظام کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت کے عزم کو دوہرایا ۔










