جی ایم سی کے کام کاج کا جائزہ لیا او رجسمانی طور خاص اَفراد میں موٹرائزڈ ٹرائی سائیکل تقسیم کی
اودھمپور// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، تعلیم اور سماجی بہبود محکمہ جات سکینہ اِیتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اور ایسو سی ایٹیڈ ہسپتال اُودھمپور کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں 128 سلائس سی ٹی سکین مشین کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ممبر اسمبلی اودھمپور ویسٹ پون کمار گپتا، ڈِی آئی جی اُودھمپور۔ریاسی رینج شیو کمار شرما،ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپور منگا شیرپا، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جموں رنجیت سنگھ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں پونم سیٹھی، پی او پوشن سبھاش ڈوگرہ، پرنسپل جی ایم سی اُودھمپور ڈاکٹر پرمود کلسوترا، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنجیو گپتا اور دیگرسینئر اَفسران موجود تھے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید سی ٹی سکین سہولیت کی تنصیب ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال، جی ایم سی اُودھمپور میں صحت کے بنیادی ڈھانچے اور تشخیصی خدمات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔128سلائس سی ٹی سکین مشین 8.30 کروڑ روپے کی لاگت سے نصب کیا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی مختلف طبی بیماریوں اور پیچیدگیوں کی زیادہ تیز اور درست تشخیص میں معاون ثابت ہوگی بالخصوص ایسے مریضوں کے لئے جو ایمرجنسی ،ٹراما، نیورولوجیکل ،کارڈیک اور دیگر خصوصی طبی معائینوں کی ضرورت رکھنے والے مریضوں کو اس کا فائدہ ہوگا۔سکینہ اِیتو نے مزید کہا کہ یہ سہولیت سی ٹی انجیوگرافی، کارڈیک سی ٹی اور ٹرپل فیز امیجنگ جیسے جدید تشخیصی طریقۂ کار کو بھی ممکن بنائے گی جس سے ہسپتال کی تشخیصی صلاحیتوں میں مزید اِضافہ ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کو قابل رسائی، سستی اور معیاری صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے جبکہ گورنمنٹ میڈیکل کالجوں اور ان سے ایسو سی ایٹیڈہسپتالوں کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔اُنہوںنے کہاکہ جی ایم سی اُودھمپور اور ملحقہ علاقوں کے لوگوںکو طبی اور تعلیمی خدمات فراہم کرنے والا ایک اہم صحت و تعلیمی اِدارہ بن کر اُبھرا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ 128 سلائس سی ٹی سکین مشین جیسے جدید تشخیصی آلات کی شمولیت سے اِدارہ لوگوںکی بڑھتی ہوئی طبی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور مریضوں کو دیگر طبی اِداروں میں ریفر کرنے کے رُجحان میں بھی کمی آئے گی۔وزیر موصوفہ نے اِفتتاح کے بعد جی ایم سی اِنتظامیہ کے ساتھ ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔ اُنہوں نے عملے کی تعداد، او پی ڈِی خدمات، بنیادی ڈھانچے، اَدویات اور تشخیصی سہولیات کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوںنے بروقت خدمات اور مریض دوست رویے پر زور دیتے ہوئے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ لوگوں کو طبی خدمات بروقت فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے اور ہسپتال کے تمام احاطے میں صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے مناسب اِنتظامات برقرار رکھا جائے۔
وزیر صحت نے عمل آوری ایجنسیوں کو موقعے پر ہی ہدایات جاری کیں کہ اضافی افرادی قوت تعینات کرکے اور تعمیراتی مقامات پر کام کی شفٹوں کی تعداد میں اِضافہ کرکے جاری منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لائی جائے۔اُنہوںنے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر طبی کارکنوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی وقف اور لگن سے انجام دی جانے والی خدمات پر انہیں مُبارک باد دِی۔ اُنہوںنے لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے اور اُودھمپور ضلع کے باشندوں کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیرموصوفہ نے یقین دِلایا کہ میٹنگ میں اُٹھائے گئے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور قائم کردہ صولوں کے مطابق مناسب کاررِوائی کی جائے گی۔بعد میں اُنہوں نے جموں و کشمیر ری ہیبلی ٹیشن کونسل کے اقدام کے تحت ایک جسمانی طور خاص اَفراد میں موٹرائزڈ ٹرائی سائیکل بھی تقسیم کی۔وزیرسکینہ اِیتو نے ’’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘‘ مہم کے تحت نو زائیدہ بچی کی والدہ کو بھی اعزاز سے نوازا۔










