سکینہ اِیتو نے پنچن پتری کولگام میں ٹوراِزم کپسٹی بلڈنگ کیمپ کا اِفتتاح کیا

کہا،حکومت جموںوکشمیر میں منفرد سیاحتی مقامات کی ترقی اور مہم جوئی سے متعلق سیاحت کو فروغ دے رہی ہے

کولگام//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے آج پنچن پتری کولگام میں ٹوراِزم کپسٹی بلڈنگ کیمپ کا اِفتتاح کیا اور آل ٹیرین ریلی (اے ٹی آر)، ٹریکروں کی مہم، سائیکل ریلی اور سیاحت کے فروغ سے متعلق دیگر سرگرمیوں کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں سیاحتی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے غیر معروف سیاحتی مقامات کو ترقی دے رہی ہے اور ایڈونچر ٹوراِزم سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کے پروگرام نوجوانوں کو سیاحت، روزگار پیدا کرنے اور خود روزگار سے متعلق مختلف حکومتی سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں بیداری فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔اُنہوںنے اِس بات پر زور دیا کہ غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے سے نہ صرف سیاحوں کو راغب کیا جائے گا بلکہ مقامی کمیونٹیوں کے لئے دیرپا روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اُنہوں نے خطے کی مجموعی اِقتصادی ترقی کے لئے نوجوانوں اور مقامی شراکت داروں کو سیاحت سے متعلق سرگرمیوں میں شامل کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔یہ پروگرام ضلع بھر میں سیاحت سے متعلق بیداری، ایڈونچر ٹوراِزم کے فروغ اور نوجوانوں کی شرکت بڑھانے کے مقصد سے منعقد کیا گیا ہے۔کیمپ میں سیاحت کے شراکت داروں، ٹور اینڈ ٹریول آپریٹروں، مقامی نمائندوں، ضلعی اَفسران اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اُنہوں نے علاقے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے اور ایڈونچر سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کی جا رہی کوششوں کو سراہا۔اِس موقعہ پر ٹریکنگ، سائیکلنگ اور دیگر ایڈونچر سرگرمیوں میں بھی نوجوانوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا تاکہ پنچن پتری اور ملحقہ علاقوں کی سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کیا جا سکے۔