سکینہ اِیتو نے سکمز صورہ کا دورہ کیا

سکینہ اِیتو نے سکمز صورہ کا دورہ کیا

شری اَمرناتھ جی یاترا کے زخمی یاتریوں کے علاج کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر شیر کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس) صورہ کا دورہ کیا تاکہ گنی وَن گاندربل میں پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی ہوئے شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کی عیادت کر سکیں اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔دورے کے دوران وزیرصحت نے زیرعلاج زخمی یاتریوں سے اِنفرادی طور پر ملاقات کی، ان کی خیریت وعافیت اور صحتیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہوں نے یاتریوں کے تیمارداروں سے بھی بات چیت کی اور انہیں حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوںنے زخمی یاتریوں کو فراہم کئے جا رہے علاج کا جائزہ لیا اور ہسپتال کے ڈاکٹروں اور سینئر اَفسران سے مریضوں کی طبی حالت اور علاج میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔سکینہ اِیتو نے اس بات پر زور دیا کہ یاتریوں کی صحت اور فلاح و بہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات، خصوصی علاج اور جلد صحتیابی کے لئے ہر مطلوبہ سہولیت فراہم کی جائے۔اُنہوں نے کہا،’’حکومت ہر زخمی یاتری کو اعلیٰ ترین معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ علاج میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ضروری طبی اِمداد اور تعاون یقینی بنایا جائے گا۔‘‘وزیرموصوفہ نے ہسپتال حکام کو یہ بھی ہدایت دی کہ ہر مریض کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جائے اور ماہر ڈاکٹروں، اَدویات اور دیگر ضروری طبی خدمات کی چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے۔ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اشرف گنائی نے وزیرموصوفہ کوبتایا کہ تمام زخمی یاتری مسلسل طبی نگرانی میں ہیں اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں انہیں جامع طبی علاج فراہم کر رہی ہیں۔