میرٹ پر مبنی مواقع فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا
سری نگر//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے آج کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر منصفانہ مواقع فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے جبکہ ملازمین کو بھی ادارہ جاتی ترقی اور مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے میرٹ کی بنیاد پر ترقی دی جا رہی ہے۔زیر موصوفہ نے اِس بات کا اِظہار آج یہاں ایس سی اِی آر ٹی آڈیٹوریم بمنہ میں محکمہ سکولی تعلیم کے پچیس کنٹی جنٹ پیڈ ورکرز (سی پی ڈبلیوز) میں ملٹی ٹاسکنگ سٹاف (ایم ٹی ایس) کے طور پر ریگولرائز کرنے اور چودہ لیبارٹری اسسٹنٹوں کو اَساتذہ کے طور پر ترقی کے احکامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیرناصر اسلم وانی، چیئرمین جے کے بی او ایس اِی غلام حسن شیخ، ڈائریکٹرسکولی تعلیم کشمیر نصیر احمد وانی، جوائنٹ ڈائریکر سکولی تعلیم سینٹرل کشمیر سیّدشبیر احمد، محکمہ سکولی تعلیم کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔وزیر تعلیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میرٹ اور تجربے کی بنیاد پر منصفانہ مواقع کو یقینی بنانے ک یلئے حکومت کے عز م کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران تقریباً 3,000 سی پی ڈبلیوز کو ریگولرائز کیا گیا ہے جو ملازمین کو روزگار کا تحفظ اور پیشہ ورانہ ترقی فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں کا مظہر ہے۔اُنہوںنے اِس بات کو اُجاگر کیاکہ ملازمین کسی بھی ادارے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کی محنت و لگن طلبأ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے بڑے مقصد کے حصول میں اہم کردار اَدا کرتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی ترقیات نہ صرف ملازمین کی محنت کا اعتراف ہیں بلکہ انہیں ادارہ جاتی ترقی اور عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کے لئے مزید مؤثر انداز میں کام کرنے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔سکینہ اِیتونے کہا کہ تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، تعلیمی نتائج بہتر کرنے اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کے حقیقی مسائل حل کرنے کے لئے کئی اِصلاحی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اُنہوں نے ملازمین کو مُبارک باد دیتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ تعلیمی شعبے اور طلبأ کے مستقبل کی بہتری کے لئے خلوص، لگن اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ کام جاری رکھیں۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت ملازمین کی فلاح، پیشہ ورانہ ترقی اور اِدارہ جاتی استحکام کے لئے ضروری اقدامات کرتی رہے گی۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیرناصر اسلم وانی نے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد ملازمین 25 سے 27 سال سے زائد عرصے سے ریگولرائزیشن کے منتظر تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے طویل عرصے سے زیر اِلتوا ٔمعاملات کو حل کرنے کے لئے مرحلہ وار اور منظم طریقۂ کار شروع کیاہے اور حالیہ مہینوں کے دوران جموں اور سری نگر میں اسی طرح کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی خدمات کی بہتر فراہمی اور ملازمین کی جائز توقعات پر پورا اترنے کے لئے تعلیم اور صحت شعبوں کو ترجیح دے رہی ہے۔ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر نصیر احمد وانی نے اَپنے اِستقبالیہ خطاب میں ملازمین کی فلاح و بہبوداور تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے محکمہ کے مسلسل عزم کو اُجاگر کیا۔جوائنٹ ڈائریکٹر سکولی تعلیم سینٹرل کشمیر سیّد شبیر احمد نے شکریہ کی تحریک پیش کی جبکہ فیاض احمد فیاض نے تقریب کی نظامت کے فرائض اَنجام دیں۔اِس سے قبل وزیر سکینہ اِیتو اور مشیرناصر اسلم وانی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہونہار طلبا اور بی پی ایل کنبوں سے تعلق رکھنے والے ذہین طالب علموں میں سائیکلیں بھی تقسیم کیں۔










