جموںوکشمیر بھر میں جامع ، ہمہ گیر اور بچوں پر مرکوز تعلیمی مرحوم قائم پر کرنے پرزور
سری نگر//وزیربرائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے جموں و کشمیر میں اِبتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم (اِی سی سی اِی) کو مضبوط اور مؤثر بنانے کے لئے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود سرمد حفیظ، کمشنر سیکرٹری تعلیم رام نواس شرما، مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈِی ایس سجاد حسین گنائی، پروجیکٹ ڈائریکٹر سماگراہ بھوانی رکھوال، ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر نصیر احمد وانی، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، صحت، سماجی بہبود، سکولی و اعلیٰ تعلیم کے محکموں کے ڈائریکٹر فائنانس و پلاننگ سمیت دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر سکولی تعلیم جموں، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جموں، بی آئی ایس اے جی۔ این کے نمائندے اور دیگر متعلقہ اَفسران نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے جاری اِبتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم (اِی سی سی اِی) اقدامات، بنیادی ڈھانچے کی تیاری، اساتذہ کی تربیت، تعلیمی نتائج، داخلہ رُجحانات اور 3 سے 6 برس کے بچوں کے معیاری بنیادی تعلیمی نظام کو یقینی بنانے کے لئے مختلف محکموں کے باہمی اِشتراک کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر تعلیم سکینہ اِیتو نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی ذہنی، جذباتی اور سماجی نشوونما میںاِی سی سی اِی کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ابتدائی بچپن کی تعلیم پورے تعلیمی نظام کی بنیاد ہے اور کم عمر بچوں کی شخصیت سازی میں کلیدی کردار اَدا کرتی ہے۔اُنہوں نے محکمہ سکولی تعلیم کے ساتھ اشتراک میںاِی سی سی اِی فریم ورک کے مؤثر نفاذ پر زور دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ غذائیت، سکول کے لئے تیاری اور بنیادی تعلیمی نتائج میں بہتری کے لئے قریبی ہم آہنگی سے کام کریں۔وزیر موصوفہ نے آنگن واڑی مراکز اور سکولوں میں رجسٹرڈ بچوں سے متعلق اگر کوئی دوہرا اِندراج موجود ہو تو اسے ختم کرنے کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت ایک جامع، مساوی اور بچوں دوست اِی سی سی اِی نظام قائم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے تمام پری پرائمری اِداروں اور آنگن واڑی مراکز میں کھیل اور سرگرمیوں پر مبنی تدریسی طریقوں کا مؤثر نفاذ یقینی کی ہدایت دی۔سکینہ اِیتو نے محکمہ سکولی تعلیم اور اِنٹگریٹیڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز (آئی سی ڈِی ایس) کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اِبتدائی تعلیم اور غذائی معاونت کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے والدین میں بیداری اور سماجی شمولیت بڑھانے کی بھی اپیل کی تاکہ بچوں کے لئے معاون تعلیمی ماحول قائم ہو سکے۔اُنہوںنے تربیت یافتہ معلمین کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران کواِی سی سی اِی اَساتذہ اور آنگن واڑی کارکنوں کے لئے صلاحیت سازی کے پروگراموں کو تیز کرنے ہدایت دی تاکہ انہیں جدید تدریسی تکنیکوں اور بچوں کی نفسیات پر مبنی تعلیمی طریقوں سے آراستہ کیا جا سکے۔
وزیر تعلیم نے حکومت کے معیاری تعلیم اور بچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی خواندگی اور تعدادکو مضبوط بنانے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں تاکہ جموں و کشمیر کے ہر بچے کو محفوظ، حوصلہ افزا اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔اُنہوںنے متعلقہ اَفسران کو آنگن واڑی مراکز میں انیمیاچیک اَپ کو مضبوط بنانے کی ہدایت بھی دی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کو فائدہ پہنچ سکے۔دورانِ میٹنگ کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود سرمد حفیظ نے اِی سی سی اِی سے متعلق مجوزہ اقدامات پر تفصیلی جانکاری دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ آنگن واڑی مراکز اور پرائمری سکولوں کے درمیان ربط مضبوط بنانے کے لئے جدید رہنمائی ماڈلزعملائے جا رہے ہیں جن کے تحت مینٹور اساتذہ تدریسی معاونت اور موقع پر رہنمائی فراہم کریں گے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نچلی سطح پر خدمات کی فراہمی مضبوط بنانے کے لئے اِنٹرن شپ اشتراکات بھی متعارف کئے جا رہے ہیں۔










