سکینہ اِیتو نے جموں میں ہیلتھ کم بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اِفتتاح کیا

سکینہ اِیتو نے جموں میں ہیلتھ کم بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اِفتتاح کیا

جموں//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے تالاب کھٹیکاں میں ایک ملٹی سپیشلٹی ہیلتھ چیک اَپ اور خون عطیہ کیمپ کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے احتیاطی صحت نگہداشت کو مضبوط بنانے اور رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔محکمہ صحت نے جی ایم سی جموں کے اِشتراک سے ہیلتھ کم بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اِنعقاد کیا ۔ کیمپ میں طبی معائینے، صحت سے متعلق مشاورت اور رضاکارانہ خون عطیہ کی سہولیات فراہم کی گئیںجس میں عوام اور طبی عملے نے بھرپور شرکت کی۔وزیر صحت نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے باقاعدہ طبی جانچ اور رضاکارانہ خون عطیہ کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا کہ یہ بہتر صحت کے نتائج کو یقینی بنانے اور ضرورت مند مریضوں کے لئے محفوظ خون کی دستیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کیمپ کے اِنعقاد اور بروقت طبی چیک اپ اور خون کے عطیہ کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے منتظمین، صحت پیشہ ور افراد اور رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا۔اُنہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات عوامی صحت کے پروگراموں میں کمیونٹی کی شرکت کو فروغ دینے کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں اور سماجی ذِمہ داری و انسانیت دوستی کے جذبے کو بھی مستحکم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے شہریوںبالخصوص نوجوانوںسے اپیل کی کہ وہ خون عطیہ مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور احتیاطی صحت کے اصولوں کو اَپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے ڈاکٹروں، طبی عملے، خون عطیہ دہندگان اور مستفید ہونے والے افراد سے بات چیت بھی کی اور طبی معائینوں اور خون جمع کرنے کے لئے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے صحت سے متعلق تمام سرگرمیوں میں حفاظت، حفظان صحت اور معیار کے اعلیٰ ترین اصولوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔سکینہ اِیتو نے معیاری صحت خدمات کو ہر فرد تک پہنچانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صحت اداروں اور رضاکار تنظیموں کے درمیان مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔اِس موقعہ پرپرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ڈاکٹر آشوتوش گپتا، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر پونم سیٹھی، چیف میڈیکل آفیسر جموں ڈاکٹر ہربخش سنگھ اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔کیمپ کے دوران متعدد مقامی باشندوں اور مریضوں کو محکمہ صحت کے ماہرین بشمول فزیشن، ماہر اطفال، ڈینٹل سرجن، میڈیکل افسران، پیرا میڈیکل عملے کی جانب سے طبی مشاورت فراہم کی گئی جبکہ رضاکاروں نے ایک عظیم انسانی مقصد کے لئے خون کا عطیہ بھی دیا۔