کہا،عوامی رَسائی شفاف اورجوابدہ طرزِ حکمرانی کا لازمی حصہ ہے
جموں// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ میں مختلف عوامی وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور اور ان کی طرف سے اُٹھائے گئے عوامی اور ترقیاتی مسائل کو بغور سنا۔ مختلف علاقوں اور سماج کے مختلف طبقات کی نمائندگی کرنے والے وفود نے وزیر موصوفہ کو صحت سہولیات، تعلیم، سماجی بہبود کی سکیموں، شہری سہولیات اور مقامی بنیادی ڈھانچے سے متعلق معاملات سے آگاہ کیا۔ اِنفرادی شہریوں نے بھی ایسے مسائل پیش کئے جن کے لئے بروقت اِنتظامی مداخلت کی ضرورت ہے اور مناسب اَزالے کا مطالبہ کیا۔وزیرموصوفہ نے تمام نمائندگیوں کو بغور سننے کے بعد وفود اور اَفراد کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر زیر غور لایا جائے گا اور ضروری کارروائی کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا،’’ عوامی رسائی شفاف اور جوابدہ حکمرانی کا ایک لازمی حصہ ہے کیوں کہ شہریوں کے ساتھ مسلسل رابطہ زمینی سطح کے مسائل کی مؤثر نشاندہی اور ان سے نمٹنے میں مدد کرتی ہے۔‘‘اُنہوںنے جموں و کشمیر میں مساوی ترقی، مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود پر مبنی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر طریقے سے حل کے لئے مختلف محکموں کے درمیان مربوط کوششوں کی حوصلہ اَفزائی کی جا رہی ہے۔سکینہ اِیتونے متعلقہ افسران پر بھی زور دیا کہ وہ تمام شراکت داروںکے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں اور اَس بات کو یقینی بنائیں کہ ترقیاتی اَقدامات اور فلاحی سکیمیں مطلوبہ مستحقین تک بروقت اور شفاف طریقے سے پہنچیں۔










