جی ڈِی سی ماگام میں اِنتظامی بلاک ، جی ڈِی سی بیروہ میں آڈیٹوریم ہال اورجی ایچ ایس رٹھسن کی نئی عمارت کا بھی سنگ بنیاد رکھا
بڈگام// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ اِیتو نے آج ضلع بڈگام میں بیروہ حلقے کا تفصیلی ترقیاتی دورہ کیا اور کئی اہم صحت سہولیات کا اِفتتاح کر نے کے علاوہ تعلیمی بنیادی ڈھانچے کے متعدد اہم منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا جس کا مقصد عوامی خدمات کو مضبوط بنانا ہے۔وزیر موصوفہ کے ہمراہ ممبر قانون ساز اسمبلی بیروہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی، محکمہ صحت و طبی تعلیم، محکمہ سکولی تعلیم، محکمہ اعلیٰ تعلیم اور ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر افسران بھی تھے۔دورے کے دوران وزیر نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال ماگام میں جدید ترین لیپروسکوپی یونٹ کا اِفتتاح کیا جس سے مقامی آبادی کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوا۔ اِس سہولیت سے خصوصی جراحی خدمات تک رَسائی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مریضوں کو جدید طبی علاج کے لئے ضلع سے باہر سفر کرنے کی ضرورت کم ہوگی۔اُنہوں نے حلقے میں صحت سہولیات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال بیروہ میں بھی ایک لیپروسکوپی یونٹ کا اِفتتاح کیاجو نچلی سطح پر مریضوں کو سستااور کم تکلیف دہ جراحی علاج مقامی سطح پر فراہم کرے گا۔وزیر سکینہ اِیتو نے تعلیمی شعبے میں گورنمنٹ ڈِگری کالج (جی ڈِی سی) ماگام میں ایک مخصوص اِنتظامی بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا جس کا مقصد تعلیمی اِنتظام و انصرام کو بہتر بنانا اور ادارے کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینا ہے۔اُنہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج بیروہ میں ایک جدید آڈیٹوریم ہال کا بھی سنگِ بنیاد رکھا جو طالب علموں کی تعلیمی، ثقافتی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
وزیر تعلیم نے سکولی تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے گورنمنٹ ہائی سکول رٹھسن بیروہ کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جو طالب علموں کو بہتر تعلیمی سہولیات اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرے گی۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں مساوی اور متوازن ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم عوامی فلاح و بہبود کے بنیادی شعبے ہیں اوریقین دِلایا کہ معیاری خدمات اور جدید سہولیات کو یونین ٹیریٹر ی کے کونے کونے تک پہنچنے کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے عوامی اِداروں کو مضبوط بنانے ،لوگوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات اوراُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے مضبوط بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ممبر قانون ساز اسمبلی بیروہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی نے حلقے میں اہم ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دینے پر وزیر موصوفہ کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے مقامی آبادی کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ تمام جاری کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔دورے کے دوران وزیرسکینہ اِیتو نے عوامی وفود، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور نوجوانوں کے گروپوں سے بھی ملاقات کی اور مختلف عوامی خدمات اور ترقیاتی مسائل کے حوالے سے روبرو رائے حاصل کی۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کا اَزالہ کرکے مقامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ مؤثر خدمات کی فراہمی اور بہتر طرز ِحکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔










