سپیکر نے اسمبلی کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی

سری نگر//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے مختلف اسمبلی کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی تاکہ انہیں کمیٹیوں کے فرائض اور مؤثر حکمرانی کے لئے ان کی بنیادی ذِمہ داریوں سے آگاہ کیا جا سکے۔میٹنگ میں سرجیت سنگھ سلاتھیہ (چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی)، نذیر احمد خان گریزی (چیئرمین ایسٹمیٹس کمیٹی)، میر سیف اللہ (چیئرمین پبلک انڈرٹیکنگز کمیٹی)، علی محمد ساگر (چیئرمین گورنمنٹ ایشورنس کمیٹی)، ناظم الدین بٹ (چیئرمین ایتھکس کمیٹی)، جسٹس حسنین مسعودی (چیئرمین پرولیج کمیٹی)، مظفر اِقبال خان (چیئرمین سبارڈی نیٹ لیجسلیشن کمیٹی ) اور پیرزادہ فاروق احمد شاہ (چیئرمین پیٹیشن کمیٹی ) موجود تھے۔ دورانِ میٹنگ سپیکر موصوف نے اِنتظامیہ کو جوابدہ بنانے میں اسمبلی کمیٹیوں کے کلیدی کردار کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل حکومتی پالیسیوں، عوامی اَخراجات اور مجوزہ قانون سازی کے غیر جانبدارانہ اور باریک بینی سے جائزے کے ذریعے ممکن ہوتا ہے۔اُنہوں نے پارلیمانی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے متعدد اہم ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے غیر حاضری کے معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی رکن مسلسل دو یا اس سے زیادہ میٹنگوں سے غیر حاضر نہیں رہ سکتا۔ ایسی غیر مجاز غیر حاضری کے خلاف اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔سپیکر موصوف نے کہا کہ دو مسلسل میٹنگوں کے درمیان کم از کم 15 دن کا وقفہ رکھا جائے تاکہ اسمبلی سیکرٹریٹ اور متعلقہ سرکاری محکموں کو ایجنڈا، جوابات اور دیگر ضروری مواد کی تیاری کے لئے مناسب وقت مل سکے۔اُنہوںنے ہدایت دی کہ ہرمیٹنگ میں صرف ایک سرکاری محکمے کا جائزہ لیا جائے تاکہ مکمل اور مؤثر جانچ ممکن ہو سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ کمیٹیوں کی بحث صرف طے شدہ ایجنڈا نکات تک محدود ہونی چاہیے تاکہ نتیجہ خیز اور مرکوز کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔عبدالرحیم راتھرنے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ محکمہ قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور کے ساتھ مل کر مختلف محکموں اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے درمیان قریبی تال میل کو یقینی بنائے تاکہ کمیٹیوں کا کام مؤثر، بامعنی اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ تمام محکموں کو ایک سرکیولرجاری کرے جس میں ایوان میں پیش کی جانے والی کمیٹی رِپورٹوں کی سفارشات اور مشاہدات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور اسمبلی کے قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کی ہدایت دی جائے۔سپیکر موصوف نے تمام چیئرمینوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی کمیٹیوں کی قیادت پوری لگن کے ساتھ کریں تاکہ قانون ساز نگرانی کا نظام عوامی فلاح اور شفاف حکمرانی کا ایک مؤثر ذریعہ بنا رہے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ایم راجو، سیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی منوج پنڈتا اور محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔