ترقیاتی کاموں کیلئے حکومت کے عزم کا اعاد ہ کیا
بڈگام //سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے چرارِ شریف اسمبلی حلقہ کے آرم پورہ اور نمبل ہار علاقوں کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاںمقامی لوگوں سے تفصیلی بات چیت کی اور اُن کے مسائل، ترقیاتی ضروریات، تجاویز اور علاقے کی مجموعی ترقی سے متعلق مطالبات بغور سُنا۔دورے کے دوران اُنہوں نے نمبل ہار میںمعروف صوفی بزرگ عبدالصمد میر کے آستانہ عالیہ پر حاضری دی جہاں ان دِنوں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات جاری ہیں۔ اُنہوں نے فاتحہ خوانی کی، بزرگ کوزبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور جموں و کشمیر میں دائمی امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔سپیکرموصوف نے آرم پورہ میں ایک بڑے عوامی اِجتماع سے خطاب بھی کیاجہاں اُن کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اِس موقعہ پر مقامی باشندوں نے کئی دیرینہ ترقیاتی مسائل ان کے سامنے رکھے جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان مطالبات میں نالہ شالی گنگا پر ایک پُل کی تعمیر شامل تھی جو تحصیل خانصاحب کو تحصیل چاڈورہ سے ملائے گا۔ سپیکر موصوف نے اس مطالبے کی اہمیت اور ضرورت کا جائزہ لینے کے لئے مجوزہ مقام کا بھی معائینہ کیا۔لوگوں نے سڑکوں کے رابطوں کو بہتر بنانے ، پینے کے پانی کی فراہمی میں اِضافہ، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور دیگر بنیادی عوامی سہولیات کی اَپ گریڈیشن کا مطالبہ بھی کیا۔اُنہوں نے لوگوں کے مطالبے کو بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھائے جائیں گے تاکہ مناسب کاررِوائی عمل میں لائی جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی ترجیحات کو مرحلہ وار اورمنصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا تاکہ عوامی اہمیت کے منصوبوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ شالی گنگا پر پُل کی تعمیر دونوں تحصیلوں کے درمیان ایک اہم رابطہ ثابت ہوگی، جس سے آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی، زرعی پیداوار کو منڈیوں تک پہنچانا آسان ہوگا، سفر کا وقت کم ہوگا اور کسانوں و تاجروں کے لئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس پُل سے نالے کے دونوں اطراف رہنے والے ہزاروں رہائشی مستفید ہوں گے۔اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں مساوی اور متوازن ترقی کے لئے پُر عزم ہے جس میں دیہی اور دُور دراز علاقوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اورلوگوںکے معیارِ زِندگی کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سڑک رابطوں کی توسیع، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی بہتری، پینے کے پانی کی فراہمی میں اضافہ، بجلی کے نظام کو مستحکم بنانے اور دیرپا عوامی اثاثوں کی تعمیر کے لئے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔سپیکر موصوف نے مزید کہا کہ ترقی ہی خوشحالی کی بنیاد ہے اور یہ حکومت اور عوام کے درمیان قریبی تال میل سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ترقیاتی منصوبے کا مقصد عوامی فلاح و بہبود کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، معاشی سرگرمیوں میں اِضافہ کرنا اور آنے والی نسلوں کے لئے بہتر امکانات فراہم کرنا ہے۔ اُنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے اور ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچنے کو یقینی بنانے میں ثابت قدم ہے۔اُنہوںنے لوگوں پر زور دیا کہ وہ افواہوں اور گمراہ کن معلومات پر کان نہ دھریں کیوں کہ ایسے عناصر ترقی کی رفتار میں رُکاوٹ ڈالنے اور عوام میں غیر ضروری اُلجھن پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور خطے کے وسیع تر مفاد میں ترقیاتی منصوبوں کی عمل آوری میں حکومت سے بھرپور تعاون کریں۔عبدالرحیم راتھر نے حکومت کے جوابدہ اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام تک رسائی اور عوام کے ساتھ براہ راست بات چیت بنیادی مسائل کو سمجھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ترقی عوام کی حقیقی ضروریات اور امنگوں کے مطابق ہو۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ عوام کے مسائل کو شفاف اوربروقت حل کرنے کے لئے ہر ممکن سنجیدہ کوشش کی جائے گی۔اِس موقعہ پر مقامی باشندوں نے گاؤں کا دورہ کرنے، ان کے مسائل بغور سننے اور ان کے جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی کرنے پر سپیکرموصوف کا شکریہ اَدا کیا۔مکینوں نے گاؤں کا دورہ کرنے، تحمل سے ان کی شکایات سننے اور انہیں یقین دلانے پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے حقیقی مطالبات پر مناسب غور کیا جائے گا۔










