جمہوریت کو مضبوط بنانے میں مباحثوں اور مکالموں کے کردار کو اُجاگر کیا
سری نگر//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے بنگلورو کرناٹک میں منعقدہ کامن ویلتھ پارلیمانی ایسو سی ایشن ( سی پی اے ) اِنڈیا ریژن کی 11ویں کانفرنس میں شرکت کی۔یہ باوقار کانفرنس 11تا 13 ؍ستمبر 2025 ئتک منعقد ہو رہی ہے جس میں ملک کی تمام ریاستوں اوریوٹیز کے سپیکروں اور سیکرٹریوں نے شرکت کی۔کانفرنس میں افتتاحی خطاب سپیکرلوک سبھا اوم برلا نے کیا۔سپیکر عبدالرحیم راتھر ’’ مقننہ کے ایوانوں میں مباحث و مباحثے: عوامی اعتماد کی تعمیر، عوامی ا’منگوں کو پورا کرنا‘‘ کے موضوع پر اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صحت مند مباحثے اور مکالمے کے فورموں کے طور پر نمایاں کیا۔اُنہوں نے کہا،’’یہ ہمارے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ ہم ایسے موضوع پر بات کر رہے ہیں جو ہماری جمہوریت کا مرکز ہے۔ قانون ساز ادارہ محض اینٹوں اور پتھروں کی عمارت نہیں بلکہ یہ ایک مقدس جمہوریتی اِدارہ ہے ہے جہاں لوگوں کی آواز گونجتی ہے اور ہمارے ملک کا مستقبل تشکیل پاتا ہے۔‘‘
سپیکر موصوف نے باخبربحث و مباحثے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا،’’مباحثہ جمہوریت کی روح ہے۔ جب اراکینِ اسمبلی بامعنی گفتگو کرتے ہیں تو لوگ نظام پر اعتماد کرنے لگتے ہیں۔ اعتماد تب مضبوط ہوتا ہے جب ہم خلل اندازی کے بجائے مکالمے، ذاتی حملوں کے بجائے پالیسی کے تجزیے اور شور کے بجائے باریکیوں پر توجہ دیں۔‘‘اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ مباحثوں میں لوگوں کو درپیش حقیقی مسائل کی عکاسی کرنی چاہیے ، جامع ترقی کو ترجیح دینا چاہیے اور قابل عمل حل پیدا کرنا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا،’’جب بھی کوئی قانون مکمل مباحثے کے بعد پاس ہوتا ہے، جب بھی کوئی پالیسی ایوان میں دی گئی تجاویز سے بہتر بنتی ہے، تو یہ عوام کی اُمنگوں کا احترام ہے۔‘‘سپیکر موصوف نے اراکین کی ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا،’’جب مباحثے شور غو میں بدل جائیں، جب گفتگو واک آؤٹ میں تبدیل ہو جائے، تو عوام تک یہ پیغام جاتا ہے کہ یہ طاقت نہیں بلکہ کمزوری ہے۔ ہمیں یہ تقاضا کرنا ہوگا کہ ہمارے نمائندے تیاری کے ساتھ آئیں، وقار کا احترام کریں اور توجہ حل پر دیں۔‘‘سپیکر موصوف نے کانفرنس کے موقعہ پر سیکرٹری جنرل کامن ویلتھ پارلیمانی ایسو سی ایشن سٹیفن ٹوئگ سے بھی ملاقات کی۔ سپیکر نے سی پی اے میں جموں و کشمیر کی رُکنیت کی بحالی پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔سیکرٹری جنرل نے سپیکر عبدالرحیم راتھر کو اکتوبر 2025 ء کے پہلے ہفتے میں بارباڈوس میں ہونے والی آئندہ سی پی اے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔سپیکر قانون ساز اسمبلی جموںوکشمیر عبدالرحیم راتھر کے ہمراہ سیکرٹری جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی منوج پنڈتا بھی کانفرنس میں تھے۔










