چندن واڑی او رپہلگام گوداموں کا اچانک معائینہ کیا
اننت ناگ//کمشنر سیکرٹری خوراک، شہری رسدات و امور صارفین سوربھ بھگت نے آئندہ شری اَمرناتھ جی یاترا ۔2026 کے لئے مختلف ترقیاتی سرگرمیوں اور محکمہ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اننت ناگ کا تفصیلی دورہ کیا۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکر ایف سی ایس اینڈ سی اے ملک مظفر، ٹی ایس اوز، فیلڈ سٹاف اور محکمہ کے دیگر افسران بھی تھے۔دورے کے دوران کمشنر سیکرٹری نے سٹوریج کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع، محکمانہ اثاثوں کی مرمت و تزئین و آرائش اور دیگر لاجسٹک اِنتظامات سے متعلق جاری کاموں کا معائینہ کیا جو شری اَمرناتھ جی یاترا2026 کے دوران غذائی اجناس اور دیگر ضروری اشیأ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔اُنہوں نے چندن واڑی اور پہلگام کے گوداموں کا اچانک معائینہ بھی کیا جو یاترا لنگروں، خدمات فراہم کرنے والوں اور پوتر گپھا کے راستے میں سرکاری اداروں کے لئے غذائی اجناس ذخیرہ کرنے اور روانہ کرنے کے مرکزی مراکز کے طور پر کام کرتے ہیں۔اِس موقعہ پر سوربھ بھگت نے سٹاک پوزیشن کی صورتحال، کوالٹی کنٹرول کے اقدامات، فائر سیفٹی آلات اور احاطے کی سیکورٹی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اُنہوں نے معیار کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے،سٹاک کی چوبیس گھنٹے نگرانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مناسب بفر سٹاک برقرار رکھنے پر زور دیا۔کمشنر سیکرٹری موصوف نے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ یاترا شروع ہونے سے قبل مطلوبہ غذائی اجناس اور پٹرولیم مصنوعات کی صد فیصدڈمپنگ کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے فیلڈ عملے کو ضلع انتظامیہ،شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ یاتریوں اور مقامی آبادی کو بلا رُکاوٹ خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔بعد میں اُنہوں نے پہلگام میں مختلف آئوٹ لیٹس کا معائینہ کیا اور اسسٹنٹ ڈائریکر ایف سی ایس اینڈ سی اے کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔ اُنہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکر کو ہدایت دی کہ ایک ریسرچ انسٹی چیوٹ کے قیام کے لئے زمین کی نشاندہی کی جائے جو ضلع میں محکمہ کے ملازمین اور اَفرادی قوت کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے تربیتی مرکز کے طور پر کام کرے گا۔کمشنر سیکرٹری نے کہا کہ یہ اِدارہ جدید سپلائی چین مینجمنٹ، غذائی اجناس کے معیار پر قابو، اِی۔پی او ایس آپریشنز، عوامی تقسیمی نظام کی مکمل کمپیوٹرائزیشن، شکایات کے اَزالے کے طریقۂ کار اور عوامی تقسیم کے بہترین طریقوں سے متعلق ملازمین کی دورانِ سروس ٹریننگ کے لئے ایک مثالی مرکز ثابت ہوگا۔










