کہا، سری نگر میں پائپ لائن نیٹ ورک کو بہتر بنانے کیلئے فعال اَقدامات کئے جارہے ہیں
سری نگر//حکومت نے کہا کہ سری نگر شہر میں آبی نظام کو بہتر بنانے کے لئے امرت 2.0 کے تحت 18 منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے چار شالہ ٹینگ حلقہ میں شامل ہیں تاکہ سری نگر شہر میں پانی کی صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے۔وزیر برائے سماجی بہبود سکینہ اِیتو نے ایوان میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے ممبر اسمبلی طارق حمید قرہ کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوںنے کہا کہ سری نگر میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیںجن میں متعدد مقامات پر اوور ہیڈ ٹینکوں کی تعمیر، پائپ لائنوں کے نئے نیٹ ورک بچھانے اور موجودہ نظام کی توسیع شامل ہے۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے بھی مختلف اَقدامات کئے جا رہے ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ پرانی اور خراب پائپ لائنوں کو ضرورت کے مطابق باقاعدگی سے تبدیل کیا جا رہا ہے اور محکمہ شہر بھر میں پائپ لائن نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے لئے فعال اقدامات کر رہا ہے۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی مُبارک گُل نے ایک ضمنی سوال بھی اُٹھایا۔










