سری نگر// جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ نے کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن (SMC) کو آوارہ کتوں کے بارے میں تفصیلات اور سری نگرشہر میں کتوںکے خطرے پر قابو پانے کیلئے ایکشن پلان فراہم کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے شعبہ قانون کے طلباء کی طرف سے مفاد عامہ کی ایک عرضی کی سماعت کرتے ہوئے،جمعرات کوعدالت عالیہ کے چیف جسٹس علی محمد ماگری اور جسٹس پونیت گپتا کی ایک ڈویڑن بنچ نے شہری ادارے کو اس کے وکیل کے طلب کرنے کے بعد وقت دیا ہے۔ جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے کہا کہ ضروری کام ایک ہفتہ کے اندر ایک کاپی پیشگی کیساتھ دوسری طرف کرنے دیں جو اس کا جواب سماعت کی اگلی تاریخ تک یا اس سے پہلے داخل کرے۔ عدالت عالیہ نے کہا کہ مفادعامہ کے تحت دائر عرضی کو مزید غور کیلئے14 دسمبر کو پوسٹ کیا۔ عدالت عالیہ نے سری نگر شہر میں آوارہ کتوں کی تعداد کی تفصیلات سے متعلق اپنی ہدایات کا اعادہ کیا،اور کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن سے کتوں کی آبادی پر قابو پانے اور انسداد ریبیز مراکز کے قیام کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کو بھی کہا۔اس سال جولائی کے اپنے حکم میں، عدالت عالیہ نے کمشنرSMC سے کہا تھا کہ وہ آوارہ کتوں، خاص طور پر کتوں کے کاٹنے کے ساتھ ساتھ ریبیز کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کارپوریشن کا ایکشن پلان پیش کریں۔کمشنر سے یہ بھی رپورٹ کرنے کو کہا گیا کہ کیا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں عوامی مشورے جاری کئے گئے ہیں، جس میں کتوں کے کاٹنے سے بچنے کے لئے کیا کرنا اور نہ کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔عدالت نے کتے کے کاٹنے سے متعلق مختلف افراد، سماجی کارکنوں اور متاثرین کی جانب سے درج کردہ شکایات سے نمٹنے کے لئے حکام کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بھی جاننا چاہا۔مفادعامہ کے تحت دائرعرضی میں عرضی گزاروں نے کہا ہے کہ سری نگر شہر میں90ہزار آوارہ کتے گھوم رہے ہیں اور آوارہ کتوں کے حملے سے کئی کم سن بچے بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔










