سرینگر میں فٹ پاتھوں پر تجاوزات،حادثات کا خطرہ بڑھ گیا

سرینگر میں فٹ پاتھوں پر تجاوزات،حادثات کا خطرہ بڑھ گیا

دکانداروں، ریہڑی فروشوں اور غیر قانونی پارکنگ سے شہریوں کو مشکلات

سرینگر// سرینگر شہر کے مختلف علاقوں میں فٹ پاتھوں پر بڑھتی ہوئی تجاوزات نے پیدل چلنے والوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ دکانداروں، ریہڑی فروشوں اور غیر قانونی پارکنگ کے باعث کئی مقامات پر فٹ پاتھ عوام کے استعمال کے بجائے کاروباری سرگرمیوں اور گاڑیوں کے لیے مختص ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو مصروف سڑکوں پر چلنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔یو این ایس کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے مرکزی بازاروں، ڈاؤن ٹاؤن کے مختلف علاقوں اور بڑے اسپتالوں کے اطراف فٹ پاتھوں پر تجاوزات ایک معمول بن چکی ہیں، جس سے نہ صرف پیدل چلنے والوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ایک مسافر ریاض احمد نے کہا، کئی جگہوں پر فٹ پاتھ مکمل طور پر تجاوزات کی نذر ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے ہمیں بھاری ٹریفک کے درمیان سڑک پر چلنا پڑتا ہے، جو ہر وقت حادثات کے خطرے سے خالی نہیں ہوتا۔مقامی رہائشیوں کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں دکانداروں نے اپنی دکانوں کا سامان فٹ پاتھوں تک پھیلا رکھا ہے، جبکہ ریہڑی فروش بھی عوامی گزرگاہوں پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپتالوں، بالخصوصاسکمز کے باہر بھی ریہڑیوں اور عارضی اسٹالوں کی وجہ سے فٹ پاتھ سکڑ گئے ہیں، جس سے مریضوں، تیمارداروں اور بعض اوقات ایمبولینسوں کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوتی ہے۔شہریوں نے سری نگر اسمارٹ سٹی منصوبے کے تحت تعمیر کیے گئے سائیکل ٹریکس پر بھی بڑھتی ہوئی تجاوزات پر تشویش ظاہر کی۔ ان کے مطابق نشاط سے حبک تک کئی مقامات پر گول گپے فروش، اسنیکس اسٹال، سبزی فروش اور مچھلی بیچنے والی خواتین سائیکل ٹریکس پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں، جس کے باعث یہ ٹریک سائیکلسٹوں، جوگرز اور صبح کی سیر کرنے والوں کے لیے غیر مؤثر ہو گئے ہیں۔حضرت بل کے رہائشی اور سائیکلسٹ ساجد حسین نے کہا،یہ سائیکل ٹریک محفوظ سائیکلنگ کو فروغ دینے کے لیے بنائے گئے تھے، لیکن اب کئی حصے وینڈنگ زون میں تبدیل ہو چکے ہیں، جس سے سائیکلسٹ دوبارہ مرکزی سڑک استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔یو این ایس کے مطابق مقامی لوگوں نے یہ بھی کہا کہ شہر کے کئی علاقوں میں نئے تعمیر شدہ فٹ پاتھوں کو گاڑیوں کی پارکنگ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے پیدل چلنے والوں کے لیے جگہ مزید کم ہو گئی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوامی انفراسٹرکچر کو اس کے اصل مقصد کے لیے استعمال کیا جا سکے۔شہریوں نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران سری نگر میں پیش آنے والے مہلک سڑک حادثات میں بڑی تعداد پیدل چلنے والوں کی رہی ہے، اس لیے فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک رکھنا شہریوں کی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔یو این ایس کے مطابق دریں اثنا، سری نگر ٹریفک پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ سڑک کنارے غیر قانونی تجاوزات اور ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے ریہڑی فروشوں کے خلاف مختلف محکموں کے اشتراک سے باقاعدہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔ادھر سری نگر میونسپل کارپوریشن کے حکام نے بھی کہا کہ عوامی مقامات پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف وقتاً فوقتاً انسدادِ تجاوزات مہم چلائی جاتی ہے اور فٹ پاتھوں اور دیگر شہری سہولیات کو عوام کے لیے خالی رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔