سرینگر ،جموںشاہراہ تریفک کی آمدرفت کیلئے جزوی طور پر بحال

سرینگر ،جموںشاہراہ تریفک کی آمدرفت کیلئے جزوی طور پر بحال

2روزہ تعطل کے بعد یاترا دوبارہ شروع، 3,886 امرناتھ یاتریوں کا نیا قافلہ روانہ

سرینگر// جموں،سری نگر قومی شاہراہ کی جزوی بحالی کے بعد اتوار کی علی الصبح امرناتھ یاترا دوبارہ شروع ہو گئی اور بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 3,886 یاتریوں کا تازہ قافلہ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان کشمیر کے لیے روانہ کیا گیا۔سرکاری حکام کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے باعث قومی شاہراہ کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے ہفتہ کے روز جموں سے یاتریوں کی روانگی ایک دن کے لیے معطل کر دی گئی تھی۔ شاہراہ کے متاثرہ حصوں کی جزوی بحالی کے بعد اتوار کو یاترا دوبارہ شروع کی گئی۔یو این ایس کے مطابق حکام نے بتایا کہ یاترا کا 25 واں قافلہ صبح 2 بج کر 52 منٹ پر 177 گاڑیوں پر مشتمل سیکورٹی حصار میں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع بالتل بیس کیمپ کے لیے روانہ ہوا۔ اس قافلے میں مجموعی طور پر 3,886 یاتری شامل تھے۔حکام کے مطابق 3 جولائی سے شروع ہونے والی 57 روزہ سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران اب تک ساڑھے چار لاکھ سے زائد عقیدت مند سطح سمندر سے تقریباً 3,880 میٹر کی بلندی پر واقع مقدس امرناتھ غار کے درشن کر چکے ہیں۔ یاترا 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ مسلسل بارشوں کے باعث ادھم پور کے جھکانی سے رام بن کے بنیہال تک شاہراہ کے مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا، جس کے بعد بحالی کا کام شروع کیا گیا۔ سب سے زیادہ متاثرہ مقام ادھم پور کے سمرولی علاقے میں دیوال پل کے نزدیک تھا، جہاں فی الحال ایک طرفہ ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔حکام نے کہا کہ اگرچہ مرمتی کام ابھی بھی جاری ہے، تاہم اتوار کی صبح ہلکی موٹر گاڑیوں کو جموں سے کشمیر جانے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ قاضی گنڈ سے جموں کی طرف ٹریفک کو امرناتھ یاترا کے قافلے کے گزرنے کے بعد بحال کیا جائے گا۔یو این ایس کے مطابق ریفک پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ بھاری گاڑیوں کو قومی شاہراہ پر باری باری دنوں میں چلنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ بحالی کے کام میں رکاوٹ نہ آئے اور ٹریفک کا دباؤ بھی کم رہے۔محکمہ ٹریفک نے آئندہ چند روز کے لیے خراب موسم کی پیش گوئی کے پیش نظر مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر سفر شروع کرنے سے قبل سڑک اور ٹریفک کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔دریں اثنا، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، ادھم پور۔ریاسی رینج، شیو کمار شرما نے ہفتہ کے روز سمرولی میں دیوال پل کے نزدیک جاری بحالی اور ملبہ ہٹانے کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیاکی جانب سے بھاری مشینری کے ذریعے جاری کام کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ملبہ جلد از جلد صاف کیا جائے تاکہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی مکمل بحالی ممکن ہو سکے، تاہم بحالی کے کام میں مصروف اہلکاروں کی حفاظت کو بھی اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے مقامی باشندوں سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ پولیس، این ایچ اے آئی اور ضلعی انتظامیہ باہمی تال میل سے شاہراہ کو جلد مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔