سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں سے بات چیت کی اورسیاحتی سہولیات کاجائزہ لیا
پہلگام// وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، ٹرانسپورٹ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، خوراک، شہری رسد ات و امورِ صارفین، سائنس و ٹیکنالوجی اوراے آر آئی و ٹریننگز محکمہ جات ستیش شرما نے آج مشہور سیاحتی مقام پہلگام کا دورہ کیا اوراُنہوں نے وہاں سیاحوں، مقامی شراکت داروں اور ٹرانسپورٹروں کے ساتھ بات چیت کی۔دورے کے دوران اُنہوںنے سیاحوں کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ کیا اور بڑھتی ہوئی سیاحتی آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے جا رہے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مختلف عوامی سہولیات کا معائینہ کرتے ہوئے سیاحوں کو ایک خوشگوار، آسان اور یادگار تجربہ کو یقینی بنانے کے لئے صفائی، تحفظ، ٹرانسپورٹ اور سیاحتی خدمات کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر موصوف نے ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے سیاحوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُن کا والہانہ اِستقبال کیا اور جموں و کشمیر کی بے مثال قدرتی خوبصورتی، بھرپور ثقافتی ورثے اور مشہور مہمان نوازی کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے وادی میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد پر اطمینان کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد میں جموں و کشمیر کو ایک محفوظ اور پُرکشش سیاحتی مقام کے طور پر سیاحوں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور تمام اہم سیاحتی مقامات پر سہولیات میں مزید بہتری لانے کے لئے پُر عزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ رابطے ، عوامی سہولیات اور خدمات کی فراہمی کے طریقۂ کار کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل کوششیں کی جاری ہیں تاکہ سیاحوں کویونین ٹیریٹری میں آرام دہ اور بھرپور قیام کا لطف اُٹھا سکیں۔ستیش شرما نے مقامی سیاحت کے شراکت داروں بشمول ہوٹل مالکان، خدمات فراہم کرنے والوں اور تاجروں سے بات چیت کے دوران پہلگام کو ملک کے ممتاز سیاحتی مقامات میں شامل کرنے کے لئے ان کی خدمات کو سراہا۔ اُنہوں نے سیاحتی خدمات میں مزید بہتری اور اس مقام کی کشش برقرار رکھنے کے لئے تمام شراکت داروں کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور مقامی ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ٹرانسپورٹ سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ اور مسافروں کی سہولیت سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ٹرانسپورٹروں نے وزیر کو شعبے سے متعلق مختلف مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ وزیر موصوف نے یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل کا ہمدردانہ جائزہ لیا جائے گا اور خطے میں ٹرانسپورٹ خدمات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر ستیش شرما نے دیرپاسیاحتی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت جموں و کشمیر میں اِقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ حکومت مقامی کمیونٹیوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سیاحتی ترقی ماحول دوست ہو اور اس کے فوائد تمام شراکت داروں تک پہنچیں۔










