سانبہ//ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ ابھیشیک شرما کی قیادت میں ضلع اِنتظامیہ سانبہ نے ضلع سانبہ کی بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے ساتھ سرحدی چوکیوں پر بی ایس ایف کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی سانبہ سریش شرما نے تحصیلدار رام گڈھ ابھیمنیو کلسوترا اور تحصیل دار سانبہ شبیر احمد اور تحصیل دار راج پورہ سبھاش کمار کے ہمراہ مٹھائیاں تقسیم کیں اور جوانوں کونیک خواہشات کے ساتھ مُبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے جوانوں سے بھی بات چیت کی اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت میں ان کی لگن اور بہادری کی تعریف کی۔اِس موقعہ پر اے ڈی سی سانبہ نے خطاب کرتے ہوئے جوانوں کی قربانیوں کی تعریف کی ۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ اور دفاعی اَفواج ایک خاندان کا حصہ ہیں ۔ اُنہوں نے ان کے مسائل کے حل کے لئے اِنتظامیہ کے تعاون کی یقینی دہانی بھی کی۔جوانوں نے یکجہتی اور خیرسگالی کے اِظہارکے لئے اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے ضرورت پڑنے پر مدد فراہم کرنے پر اِنتظامیہ کا بھی شکریہ اَ دا کیا۔سانبہ اِنتظامیہ ضلع کے لوگوں کے لئے بالخصوص ضلع کے سرحدی علاقوں میں مختلف فلاحی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے اِنعقاد میں سرگرم عمل ہے۔










