سابق وزیر جموں وکشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

جموں//سابق وزیر ڈاکٹر دیویندر کما ر منیال نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔سابق وزیر نے لیفٹیننٹ گورنر کو ضلع سانبہ کے مختلف ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا جن میں سوانکھا ( وِجے پور) سے بابا چملیال تک سڑک کو توسیع کرنا، بابا سدھ گوریا دیو استھان رام گڈھ میں گورنمنٹ ڈگری کالج کی تعمیر ، لڑکیوں کے لئے سٹوڈنٹس ہوسٹل کی تعمیرکے علاوہ جی ڈی سی سانبہ میں ایس سی زُمرے سے تعلق رکھنے والے دیگر مطالبات شامل تھے۔دریں اثنا ء راجوری کے سیاسی کارکن ایڈوکیٹ گفتار احمد چودھری نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی ۔ اُنہوں نے کوترانکا بدھل خواس علاقہ بالخصوص اور پیر پنجال خطہ بالعموم کے مطالبات کی ایک یاد داشت پیش کی جس میں جی ڈی سی کوترانکا کا کام شروع کرنا، کوترانکا ، بدھل اور دیگر علاقوں میں نئے دفاتر کا اِفتتاح ، راجوری میں 400 کے وِی گرڈسٹیشن اور 132 کے وِی گرڈ سٹیشن کوترنکا میں ، دور دراز علاقوں میں بینک کی شاخیں قائم کرنے کے علاوہ کوترانکا اور بدھل میں آئوٹ ڈور سٹیڈیم ، دُور دراز علاقوں میں پی ایچ سی کا مناسب کام اور دیہی علاقوں میں بہتر سڑکیں اور دیگر مسائل شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے سابق وزیر او رسیاسی کارکن کے پیش کردہ مطالبات کو بغور سنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ پیش کئے گئے جائزمسائل کو ترجیحی بنیادوں پر جلد اَز جلد حل کرنے کے لئے غور کیا جائے گا۔