ضلع اننت ناگ میں 90کروڑروپے مالیت کی جائیدادیں ضبط
سری نگر// ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) کی طرف سے عدالت میں کی گئی ایک سفارش کے بعد، جنوبی ضلع اننت ناگ میں کالعدم مذہبی تنظیم جماعت اسلامی کی کروڑوں مالیت کی کم از کم 11جائیدادوں کو نوٹیفکیشن کیا گیا ہے اور بعد ازاں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اننت ناگ نے 90کروڑروپے مالیت کی ان جائیدادوں ضبط کر لیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ضلع اننت ناگ میں11مقامات پر 90 کروڑ روپے مالیت سے زیادہ کی جائیدادوں کو ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) کی سفارش پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اننت ناگ کی طرف سے مطلع کرنے کے بعد استعمال اور داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) کے ترجمان نے ایکک بیان میں کہاکہ علیحدگی پسند سرگرمیوں کیلئے فنڈز کی دستیابی کو روکنے اور ملک دشمن عناصر اور ہندوستان کی خودمختاری کے مخالف دہشت گرد نیٹ ورکس کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کیلئے، جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کالعدم جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے زیر قبضہ جائیدادوں کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اننت ناگ نے مطلع کیا ہے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اننت ناگ نے ان سبھی جائیدادوں کومطلع کرنے کے بعدان کے استعمال اورجائیدادوںکی حدودمیں داخلے پر پابندی لگا دی ہے،اس کے علاوہ ’ریڈ انٹری‘متعلقہ ریونیو ریکارڈز میں کی گئی ہے۔ایس آئی اے ترجمان کے مطابق ضلع اننت ناگ کے مختلف علاقوں ودیہات میں کالعدم جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے زیرقبضہ ضبط کی گئی جائیدادوںمیں درجنوں کنال اراضی ،کمرشل کمپلیکس ،دُکانات ،عمارات اورمکانات نیز کوٹھار بھی شامل ہیں۔بیان کے مطابق کالعدم جماعت کی سرگرمیوں کے حوالے سے اس جائیداد کی بہت اہمیت ہے۔ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے کہاکہ دہشت گردی کے نیٹ ورکس کیخلاف جنگ، غیر قانونی انجمنوں کی ترقی کے ساتھ ہی اس کا خاتمہ ہو جائے گا۔ یہ کارروائی جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی فنڈنگ کے خطرے کو بڑی حد تک جڑ سے اکھاڑ پھینکے اور قانون کی حکمرانی اور بغیر کسی خوف کے معاشرے کو یقینی بنانے میں ایک اہم قدم ثابت ہو گی۔اس دوران یہ بھی معلوم ہواکہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA)نے جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی کی مزید88 جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے جن کے بارے میں مزید کارروائی کے دوران مطلع کیا جائے گا۔ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA)کے ترجمان نے کہاکہ یہ بات کیس ایف آئی آر نمبر 17/2019زیرسیکشن10،11اور13 پولیس اسٹیشن بٹہ مالو کی تفتیش کے نتیجے میں سامنے آئی ہے، جن کی SIA کے ذریعے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ایس آئی اے نے ابتدائی طور پر سینکڑوں کروڑ روپے مالیت کی جماعت اسلامی کی طرف سے خریدی یا حاصل کی گئی متعدد جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے۔دوسرے مرحلے میں، زمینی تصدیق کے بعد، SIA نے ضلع اننت ناگ کا انتخاب کیا، جس میں زیادہ سے زیادہ جماعت اسلامی کی رسائی ہے اور اس بات کی تصدیق کرنے کے بعد کہ11مختلف زمینیں اور کچھ معاملات میں زمین اور مکان کی جائیدادیں واقعی جماعت اسلامی کی ملکیت یا کنٹرول میں ہیں۔ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے اننت ناگ کے ضلع مجسٹریٹ کے سامنے ثبوت پیش کئے،جنہوںنے ضلع میں یواے پی اے کے سیکشن8کے تحت کالعدم جماعت اسلامی کی 11جائیدادوںکوضبط کرکے ان کے استعمال اوران کی حدودمیں داخلے پرپابندی عائدکردی ۔










