فورسز کی اضافی کمک تعینات ، ملحقہ علاقوں میں تلاشی مہم شروع
سرینگر / / سی این آئی // راجوری کے جنگلات میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین مختصر گولیوں کے تبادلے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی کی کارروائیوں کو تیز کیا اور علاقے میں چھپے ہوئے مشتبہ ملی ٹنٹوں کا پتہ لگانے کیلئے اضافی دستوں کی تعیناتی کے ساتھ محاصرہ مضبوط کیا۔ سی این آئی کے مطابق راجوری کے جنگلات میں فوج و فورسز اور ملی ٹنٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہونے کے بعد تلاشی آپریشن وسیع پیمانے پر جاری ہے ۔ فوج کا کہنا ہے کہ راجوری کے گھمبیر مغلان علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فوجی حکام کے مطابق ڈوریمل گمبھیر موگلہ علاقہ میں تلاشی مہم تیز کردی گئی ہے اور محاصرے کو مضبوط کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش میں مدد کیلئے اضافی سیکورٹی اہلکاروں کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق علاقے میں دو سے تین دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا شبہ ہے۔سیکورٹی فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر جموں ضلع کے اکھنور کے گودھا برہمنہ علاقے میں بھی تلاشی مہم شروع کی۔حکام نے بتایا کہ ایک مقامی خاتون نے سیکورٹی اہلکاروں کو اطلاع دی کہ اس نے اپنے گھر کے قریب تین سے چار نقاب پوش افراد کو دیکھا ہے جن کی سرگرمیاں مشکوک معلوم ہوتی ہیں۔اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، سیکورٹی فورسز نے علاقے میں پہنچ کر قریبی دیہات کو گھیرے میں لے لیا اور معلومات کی تصدیق اور مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے تلاشی شروع کی۔










