arrest

راجوری ضلع کے خواس گاؤں میں خاتون کی پُراسرارموت کامعمہ

بیوی کوقتل کرنے کے الزام میں شوہر گرفتار:پولیس

راجوری//راجوری ضلع کے خواس گاؤں میں 21 دسمبر کو ایک شخص کو اپنی بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق ہفتہ کو ایک بیان میں پولیس ترجمان نے کہا کہ 21 دسمبر کو قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ رات کے دوران گندھا کے ذوالفقار علی کی بیوی 26سالہ شمینہ کوثر کی گلا کٹی لاش اس کے گھر کے قریب سے ملی۔پولیس کی ایک پارٹی نے جائے موقعہ پر پہنچ کر پُراسرار حالت میں مردہ پڑی خاتون کی نعش کوجی ایم سی اسپتال راجوری منتقل کیا،جہاں اس کاپوسٹ مارٹم کرایاگیا۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ بدھل راجوری میں ایک کیس زیرایف آئی آرنمبر84/2022تحت سیکشن302آئی پی سی درج کیاگیا۔پولیس کے مطابق اس کیس کی تفتیش پیشہ ورانہ انداز میں شروع کی گئی ،اور اس دوران شک کی سوئی متوفی یامقتول خاتون کے شوہر ذوالفقار علی کی طرف چلی گئی۔پولیس کے مطابق مسلسل پوچھ گچھ کے دوران، اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور کہا کہ اس کی بیوی کے کسی نامعلوم شخص سے ناجائز تعلقات تھے اور اسے اس کے کردار پر شک تھا۔ مجرمانہ ارادے کیساتھ ملزم نے اس دن جرم کی منصوبہ بندی کی اور بالآخر اس نے اپنی بیوی کو کسی تیز دھار چیز سے قتل کر دیا۔پولیس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دوران تفتیش ملزم کے انکشاف پر جرم کا ہتھیار، ایک چاقو بھی برآمد ہوا،اوراس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔