nia

دہلی عدالت میں ریڈ فورٹ دھماکہ کیس کی سماعت

این آئی اے کی 13 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ کا نوٹس

سری نگر//یو این ایس / دہلی کی ایک عدالت نے ہفتہ کے روز ریڈ فورٹ دھماکہ کیس کے سلسلے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے 13 ملزمان کے خلاف دائر کی گئی 7500 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کا نوٹس لے لیا۔گزشتہ سال 10 نومبر کو ریڈ فورٹ کے قریب ایک گاڑی میں نصب دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ (وی بی آئی ای ڈی) کے ذریعے کیے گئے شدید دھماکے میں 11 افراد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے تھے۔رپورٹوں کے مطابق خصوصی جج پرشانت شرما نے این آئی اے کی چارج شیٹ کا نوٹس لیتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی کے لیے 9 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔این آئی اے نے رواں سال 14 مئی کو ابتدائی طور پر 10 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ دائر کی تھی۔ ایجنسی کے مطابق ان تمام 10 افراد، جن میں مبینہ مرکزی ملزم ڈاکٹر عمر بن نبی بھی شامل تھا، جس کی دھماکے میں موت ہوچکی ہے، کا تعلق انصار غزوۃ الہند (اے جی یو ایچ) سے تھا۔ این آئی اے نے اسے برصغیر میں القاعدہ کی ایک ذیلی تنظیم قرار دیا ہے۔بعد ازاں جون میں ایجنسی نے مزید تین افراد کے خلاف ضمنی چارج شیٹ دائر کی، جس کے بعد کیس میں چارج شیٹ کیے گئے افراد کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی۔ ان تین افراد میں ایک مفرور ماہر اطفال ڈاکٹر بھی شامل ہے، جسے مبینہ دہشت گرد ماڈیول کے بانی ارکان میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔عدالت میں اب اس مقدمے کی مزید کارروائی 9 ستمبر کو ہوگی۔