سوربھ بھردواج دہلی یونٹ جبکہ معراج ملک پارٹی کی جموں و کشمیر یونٹ کا نیا سربراہ نامزد
سرینگر// گزشتہ ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ہارنے کے بعد عام آدمی پارٹی نے سابق وزیر سوربھ بھردواج کو اپنی دہلی یونٹ کا نیا صدر مقرر کرتے ہوئے ایک بڑی تنظیمی تبدیلی کا اعلان کیا جبکہ معراج ملک کو پارٹی کی جموں و کشمیر یونٹ کا نیا سربراہ نامزد کیا گیا۔سی این آئی کے مطابق دہلی انتخابات میں شکست کے بعد عام آدمی پارٹی نے اپنے تنظیمی ڈھانچے کو نئی شکل دی ہے جس کے چلتے سابق وزیر سوربھ بھردواج کو دہلی یونٹ جبکہ معراج ملک کو پارٹی کی جموں و کشمیر یونٹ کا نیا سربراہ نامزد کیا گیا۔بھاردواج نے گوپال رائے کی جگہ لی، سسودیا نے پنجاب کا چارج سنبھالا، جو ملک کی واحد ریاست ہے جہاں اس وقت عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اقتدار میں ہے۔پارٹی سپریمو اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی کی میٹنگ کے دوران یہ فیصلے لئے گئے۔تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سیکرٹری سندیپ پاٹھک نے کہا کہ گوپال رائے کو گجرات کا چارج دیا گیا ہے، جہاں پارٹی اپنی بنیاد کو بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔راجیہ سبھا کے رکن پاٹھک کو عام آدمی پارٹی کی چھتیس گڑھ یونٹ کا انچارج نامزد کیا گیا ہے، جبکہ پنکج گپتا پارٹی کے گوا باب کی قیادت کریں گے۔معراج ملک کو پارٹی کی جموں و کشمیر یونٹ کا نیا سربراہ نامزد کیا گیا ہے۔










