دھیرج گپتا نے سی اے ایم پی سرگرمیوں پر تکنیکی ورکشاپ کا اِفتتاح کیا

سری نگر//آئندہ مالی برس 2024-25ء کے سالانہ پلان آف آپریشنز (اے پی اوز) کی تیاری کے لئے ایک روزہ تکنیکی ورکشاپ کا اِنعقاد کیا گیا۔اِس کا مقصد اگلے مالی برس کے لئے سائنسی، پیداوار پر مبنی اور عوام پر مرکوز اے پی او کی تیاری میں عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کی رہنمائی کرنا تھا۔پرنسپل سیکرٹری جنگلات وماحولیات محکمہ دھیرج گپتا نے ورکشاپ کا اِفتتاح کیا۔اُنہوں نے جامع اے پی اوز کی تیاری کے حوالے سے برین سٹورمنگ سیشن کے اِنعقاد پر محکمے کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاوضہ دارانہ شجر کاری اس طریقے سے کی جانی چاہیے کہ جنگلاتی اراضی کو موڑنے کی وجہ سے ماحولیاتی اشیاء اور خدمات کے نقصان کی مناسب تلافی ہو سکے۔ اُنہوں نے جنگلات اور متعلقہ محکموں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بہتر ٹیکنالوجی کے اِستعمال سے ہریالی کے اقدامات میں تیزی لائیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف فارسٹ و چیف ایگزیکٹیو آفیسر، نیشنل اَتھارٹی، ایم او ای ایف اینڈ سی سی نئی دہلی سبھاش چندرا نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔ اُنہوں نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔ اُنہوں نے اے پی اوز کی تشکیل میں پنچایتوں کے ساتھ بامعنی مشاورت کرنے پر زور دیا تاکہ پودے لگانے کی بندش سے چارے،ادویاتی پودوں اور لکڑی اور دیگر جنگلاتی پیداوار کے لئے مقامی کمیونٹی کے مطالبات کو پور اکیا جاسکے۔ محکمہ جنگلات جموںوکشمیر کے پی سی سی ایف اور ایچ او ایف ایف روشن جگی نے ورکنگ پلان کے نسخوں کے مطابق سائنسی تجاویز دینے پر زور دیا۔ اُنہوں نے مربوط طریقے سے منصوبوں کی تشکیل پر بھی زور دیا جس میں لینڈ سکیپ کے بالائی علاقوں کو محکمہ سوئیل اور پانی کے تحفظ کے ذریعہ ٹریٹ کیا جائے اور رہائش کے قریب کے علاقوں کو محکمہ سوشل فارسٹری کے ذریعہ ٹریٹ کیا جائے جبکہ محکمہ جنگلات کو جنگلات کی بحالی پر توجہ دینی چاہیے۔اُنہوں نے نرسریوں میں معیاری پودوں کی پیداوار اور نگر وین بنانے کا مشورہ دیا۔ اُنہوں نے جدید نرسری تکنیک کا اِستعمال کرتے ہوئے معیاری پودے لگانے کے مواد کی تیاری کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی۔سی اِی او آصف محمود ساگرنے کیمپا کے ریگولیٹری فریم ورک کی وضاحت کی۔ اُنہوں نے جنگلات کے افسران سے کہا کہ وہ جنگلاتی علاقوں کے لئے لینڈ سکیپ اور واٹر شیڈ کا طریقہ اختیار کریں۔اس کے بعد پی سی سی ایف اور ڈائریکٹر سوشل فارسٹری ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیرسریش گپتا کی زیر صدارت پینل بحث و تمحیص ہوئی۔پروگرام کی نظامت اور رابطہ کاری کنزرویٹر آف فارسٹ سائوتھ فارسٹ سرکل عرفان علی شاہ نے اَنجام دی۔