یہ اَقدامات وزیراعلیٰ کی قیادت والی حکومت کے جموں و کشمیر کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہیں
سری نگر//حکومت جموںوکشمیر نے پر منڈل سانبہ کے تاریخی ورثہ مقام کی بحالی و احیأ اور سری نگر کے تاریخی اِمام بارگاہ زڈی بل کے تحفظ و ترقی کے لئے 13.75 کروڑ روپے مالیت کے دو بڑے ورثہ تحفظ منصوبوں کی منظوری دِی ہے۔ ان منصوبوں میں ضلع سانبہ کے تاریخی پورمنڈل ورثہ مقام کی بحالی اور سری نگر کے تاریخی امام باڑہ زڈی بل کے تحفظ اور اَپ گریڈیشن کا کام شامل ہے۔یہ دونوں اقدامات جموں و کشمیر کے بھرپور مذہبی، ثقافتی اور تعمیراتی ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ لوگوں، عقیدت مندوں اور سیاحوں کے لئے سہولیات کو بہتر بنانے کے حکومتی عزم کی توثیق کرتے ہیں۔حکومت نے پورمنڈل کے تاریخی ورثہ مقام کی بحالی اور احیأ کے لئے 7.16 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ اِس اَقدام کا مقصد اس مقام کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہے تاکہ لوگوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات میسرہوسکے۔اِسی طرح حکومت نے سری نگر کے تاریخی امام بارگاہ زڈی بل کے تحفظ اور ترقی کے لئے 6.59 کروڑ روپے کے منصوبے کی بھی منظوری دی ہے۔ اِس منصوبے کے تحت صدیوں پرانے امام باڑے کی تاریخی اور تعمیراتی حیثیت کو محفوظ رکھتے ہوئے بنیادی سہولیات کو جدید بنایا جائے گا تاکہ سال بھر یہاں آنے والے عقیدت مندوں اور سیاحوںکو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔یہ منصوبے حکومت کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں جن کے تحت جموں و کشمیر میں مذہبی، تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کو محفوظ اور بحال کرنے کے لئے ورثہ تحفظ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر خصوصی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔پورمنڈل اور امام بارگاہ زڈی بل کے منصوبوں کی منظوری حکومت کی حالیہ ورثہ تحفظ مہم کا تسلسل ہے۔ اس سے قبل حکومت نے ضلع پلوامہ کے شادی مرگ کے علاقے یارون میں چشمہ کھو صاحب کی ترقی کے لئے 6.38 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔ اِس منصوبے کا مقصد بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا،سیاحوںکے لئے سہولیات میں اضافہ کرنا اور مقام کی مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اہمیت کو محفوظ رکھتے ہوئے مجموعی زیارتی تجربے کو بہتر بنانا ہے۔اِس کے علاوہ حکومت نے حال ہی میں ضلع شوپیان کی تاریخی جامع مسجد شریف اور ضلع رام بن کے مقدس سرودھار چومنڈا ماتا مندر کی بحالی اور تحفظ کے لئے 16.36 کروڑ روپے مالیت کے دو اہم منصوبوں کی بھی منظوری دی ہے۔ اِن منصوبوں کا مقصد اہم تاریخی مذہبی مقامات کو محفوظ بنانا اور عبادت گزاروں اور سیاحوں کے لئے سہولیات کو مزید بہتر کرنا ہے۔










