حکومت نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور ان کیلئے مواقع پیدا کرنے کی مسلسل کوششیںکر رہی ہے۔ سکینہ اِیتو

حکومت نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور ان کیلئے مواقع پیدا کرنے کی مسلسل کوششیںکر رہی ہے۔ سکینہ اِیتو

ایس کے آئی سی سی میں مختلف شعبوں کے نمایاں اَفراد کو اعزاز ات سے نوازاگیا

سری نگر// وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت اور طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لئے جامع ترقی و ترقی کے مواقع پیدا کرنے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔اُنہوں نے ان باتوں کا اِظہار آج یہاں ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اِنعقاد نیو لائٹ ایجوکیشن اینڈ انوائرنمنٹل سروسز فاؤنڈیشن (این اِی اِی ایس ایف) اور نیو لائٹ ایجوکیشن اینڈ انوائرنمنٹل سوسائٹی (این اِی اِی ایس) کی جانب سے کیا گیا تھا۔ تقریب میں تعلیم، سماجی خدمات، نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور کمیونٹی ترقی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزاز ات سے نوازا گیا۔اُنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاشرے کی تشکیل میں تعلیم کے اہم کردار کو اُجاگر کیا اور این اِی اِی ایس ایف اور این اِی اِی ایس کی جانب سے طلبأ، اَساتذہ، پیشہ ور اَفراد اور سماجی کارکنوں کی بہترین کارکردگی کو تسلیم کرنے اور کامیابیوں کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور جامع ترقی کے لئے اِجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرموصوفہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے قیام کے بعد محکمہ تعلیم کو خصوصی توجہ دی گئی ہے اور جموں و کشمیر کے سرکاری تعلیمی اِداروں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام سکولوں میں سہولیات کواَپ گریڈکیا جا رہا ہے تاکہ تعلیمی ماحول اور دیگر نتائج کو بہتر بنایاجاسکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں بجٹ مختص کرنے میں شعبہ تعلیم کو بہت اہمیت دی گئی ہے۔سکینہ اِیتو نے معاشرے کے لئے تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا ہمارے دین میں کہا گیا ہے کہ’’علم حاصل کرو خواہ چین جانا پڑے۔‘‘اُنہوں نے تمام شراکت داروں سے کہا کہ وہ شعبہ تعلیم کو تمام شعبوں میں بہترین بنانے کو اپنی ذمہ داری سمجھیںتاکہ جموں و کشمیر کے بچے اعلیٰ معیاری تعلیم حاصل کر سکیں اور مستقبل میں ہر قسم کے مقابلوں کا آسانی سے سامنا کر سکیں۔وزیرتعلیم نے تمام ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مُبارک باد دِی اور انہیں اَپنی لگن، اِختراع اور خدمات کے ذریعے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتے رہیں۔اِس موقعہ پر منتظمین نے تعلیمی اور سماجی اقدامات کے لئے وزیر موصوفہ کی مسلسل حمایت پر اُن کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے بامقصد پروگراموں اور شراکت داریوں کے ذریعے تعلیمی معیار، سماجی بہبود اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔وزیرتعلیم سکینہ اِیتو نے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے والے اَفراد کو اعزازات اور اسناد سے نوازا۔اِس پروگرام میں ڈائریکٹر سکولی تعلیم کشمیر، ممتاز ماہرین تعلیم، تعلیمی ماہرین، سماجی کارکنان، کمیونٹی رہنما، مختلف اداروں کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں طلبأو نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔متعدد اَفراد اور اِداروں کو معاشرے کے لئے ان کی شاندار کامیابیوں اور خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔