Sonam Lotus

حالیہ برف وباراں کے نتیجے میں طویل خشک موسمی صورتحال میں تبدیلی

8جنوری تک موسم بنیادی طورپر خشک، دن گرم راتیں مزید سرد ہوں گی:سونم لوٹس

سری نگر//حالیہ برف وباراں کے نتیجے میں طویل خشک موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کے بعدسری نگر سمیت کشمیر کے بیشترمیدانی علاقوںمیں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقعہ ہوئی اوررات کاکم سے کم پارہ نقطہ انجماد سے اوپر چلاگیا،تاہم پہلگام اور گلمرگ سمیت بالائی مقامات پر برف جم جانے کے بعد درجہ حرارت میں مزید تنزلی ہوئی اور راتوںکی سردمیں اضافہ ہوگیا۔اُدھر محکمہ موسمیات نے 8جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کودوہراتے ہوئے پھرکہاکہ آنے والے ایام میں دن قدرے گرم لیکن راتیں مزید سرد ہوں گی ۔اس دوران ہفتہ کوسری نگرسمیت وادی بھرمیں مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ کبھی کبھا ر سورج بادلوںکوچیرتے ہوئے کرنیں بکھیرتے رہا،تاہم یخ بستہ ہوائیں جاری رہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق جمعرات کی سہ پہر سے جمعہ کی صبح تک کشمیر کے میدانی علاقوںمیں ہلکی بارش اور برف باری نیز بالائی مقامات پر درمیانی سے بھاری برف باری ہونے کے بعد وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں کافی بہتری آئی ۔موسمیاتی ماہرین نے بتایاکہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہونے کے باعث رات کوسردی کی شدت میں کافی کمی آئی ۔محکمہ موسمیات نے ہفتہ کی صبح بتایاکہ اہلیان کشمیر ،سیاحوں اور کشمیرمیں بغرض کام کاج یامحنت مزدوری کیلئے مقیم غیر مقامی لوگوںکوحالیہ کئی ہفتوں سے جاری ہڈیوں کو ٹھنڈا کرنے والی سردی سے اس وقت ہلکی سی راحت ملی جب ہفتہ کو کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر آ گیا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے دوران شب کشمیر کے میدانی اور بالائی علاقوںمیں درج کئے گئے درجہ حرارت کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایاکہ سری نگر میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت0.4 ڈگری سینٹی گریڈدرج ہوا،جوجمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ریکارڈ درجہ حرارت منفی0.3ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ تھا۔انہوںنے کہاکہ قاضی گنڈ، وادی کا گیٹ وے ٹاؤن، ایک اور جگہ تھی جہاں پارہ کل رات نقطہ انجماد سے اوپر چلا گیا تھا۔ قصبے میں کم سے کم 0.5 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا جومعمول سے2.5 ڈگری زیادہ ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایاکہ جنوبی کشمیرمیں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اوریہ جموں و کشمیر میں ریکارڈ کیا گیا سب سے سرد مقام تھا۔انہوںنے کہاکہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو معمول سے منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے مزید کہاکہ سرحدی ضلع کپواڑہ میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کم از کم درجہ حرارت منفی 1.1 ڈگری سینٹی گریڈجبکہ جنوبی کشمیر کے علاقہ کوکرناگ میں رات کاکم سے کم پارہ منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔خیال رہے کشمیر اس وقت چلہ کلاں کی گرفت میں ہے، جو کہ 40 دن کا سخت ترین موسم ہے جب برف باری کیساتھ ساتھ سردی کی شدت بڑھ جانے امکانات زیادہ سے زیادہ ہوتے ہیں۔چلّہ کلاں21 دسمبر سے شروع ہو کر 30 جنوری کو ختم ہو گا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے 8جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کودوہراتے ہوئے پھرکہاکہ آنے والے ایام میں دن قدرے گرم لیکن راتیں مزید سرد ہوں گی ۔محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے 31دسمبر سے8جنوری2023تک موسم مجموعی طور پرخشک رہنے کی پیش گوئی دوہراتے ہوئے کہاکہ آنے والے دنوںمیں دن کے وقت درجہ حرارت میں بہتر ی آئی گی تاہم راتیں مزید سردرہیں گی ۔ماہر موسمیات اور ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سری نگرمیں قائم علاقائی مرکز کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ 30دسمبر کوبھی جموں وکشمیر میں بادل چھائے رہیں گے اوراس دوران کچھ مخصوص مقامات پر ہلکی برف باری ہونے کاامکان ہے ۔سونم لوٹس نے آنے والے کم سے کم9دنوںکے بارے میں پیش گوئی کی کہ 31دسمبر سے8جنوری2023تک موسم مجموعی طور پرخشک رہنے کاامکان ہے ،کیونکہ مغربی ہوائوںکی آمد یاعمل دخل کے آثار نہیں ہیں ۔انہوںنے کہاکہ8جنوری2023تک موسم بنیادی طور پرخشک رہے گا،جسکے نتیجے میں دن گرم اوراتیں پھرسردہونگی ۔