تنظیمی نیٹ ورک کی توسیع اور کارکنوں کو متحرک کرنے پر تبادلہ خیال// طارق قرہ
سرینگر//کانگریس پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے نئی دہلی میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں جموں و کشمیر میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، پارٹی کی تنظیمِ نو اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا۔ اجلاس کی صدارت آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری (تنظیم)کے سی وینوگوپال نے کی۔یو این ایس کے مطابق اجلاس میں اے آئی سی سی کے جموں و کشمیر امور کے انچارج ڈاکٹر سید ناصر حسین، جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرطارق حمید کرہ، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے قائد غلام احمد میر، اے آئی سی سی سیکریٹریزپرگت سنگھ اور دیویا مادرنا کے علاوہ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے ورکنگ صدور رامن بھلہ اور تارا چند نے شرکت کی۔اجلاس میں جموں و کشمیر میں کانگریس کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ضلعی، بلاک، منڈل، گرام پنچایت اور بوتھ سطح کی کمیٹیاں جلد تشکیل دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد جموں اور سری نگر میں کارکنوں کے بڑے اجتماعات بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ پارٹی کی تنظیم کو نچلی سطح تک مستحکم کیا جا سکے۔یو این ایس کے مطابق اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق حمید قرہ نے کہا کہ یہ میٹنگ کانگریس کی ملک گیر تنظیمی مہمسنگٹھن سرجن ابھیان کے سلسلے میں منعقد کی گئی، جس کا مقصد پارٹی کو نچلی سطح سے ازسرنو منظم، فعال اور مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پارٹی کے تنظیمی نیٹ ورک کو وسعت دینے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کے سی وینوگوپال نے پارٹی قیادت اور نچلی سطح کے کارکنوں کے درمیان بہتر رابطے اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ پارٹی عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور متاثرین کی مدد کے لیے اپنا کردار مزید فعال بنائے گی۔ اجلاس ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔










