جموں و کشمیر کی ترقی براہِ راست نوجوانوں کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے

لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر میں اے ایل او ایچ اے سٹیٹ لیول اریتھمیٹک آپریشنز مقابلے کے نمایاں کارکردگی دِکھانے والے طلبأاور جیتنے والوں کو مُبارک باد دِی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کشمیر یونیورسٹی سری نگر میں منعقدہ ایبیکس لرننگ آف ہائیر اریتھمیٹک(اے ایل او ایچ اے)سٹیٹ لیول اریتھمیٹک آپریشنز مقابلے میں نمایاں کارکردگی دِکھانے والے طلبأ اور جیتنے والوں کو مُبارک باد دی ۔ اِس مقابلے میں جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے زائد اَز 1,500 طلبأنے حصہ لیا۔اُنہوں نے کہا،’’جموں و کشمیر کی ترقی براہ راست نوجوانوں کی ترقی سے جُڑی ہوئی ہے۔ نوجوانوں کے پاس جموں و کشمیر اور ملک کو تبدیل کرنے کا مشن ہے۔ وہ عزم و اِستقلال اور لگن کے ساتھ اس مشن کو مکمل کر سکتے ہیں۔ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ اُنہیں ایسا ماحول فراہم ہو جہاں وہ با صلاحیت سکالر ،بہترین محقق، سائنس دان اور اِختراع کار بن سکیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں تمام حصہ لینے والے بچوں کو اُن کی غیر معمولی ریاضیاتی صلاحیتوں کے لئے مُبارک باد دِی ۔ اُنہوں نے’اے ایل او ایچ اے (اے لوہا)کی سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے بچوں کو اَپنی اصل صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کا ایک دلچسپ موقع فراہم کیا ہے۔اُنہوں نے نے کہا، ’’اریتھمیٹک آپریشنز محض عددی حسابات نہیں ہیں بلکہ یہ مسئلہ حل کرنے، تنقیدی سوچ اور استدلال جیسی مہارتوں کی بنیاد ہیں۔ ان کے دُور رس اثرات ہوتے ہیںکیوں کہ یہ نوجوان ذہنوں کو جدت، سائنس اور ٹیکنالوجی کی طرف مائل اور راغب کرتے ہیں۔ یہ اِس بات کی بھی یاد دہانی ہے کہ اَساتذہ کے لئے تعلیم کا حتمی مقصد محض نمبرات، اسناد یا انعامات کا حصول نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کی تعمیر کی ذِمہ داری ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اَپنی راہ خود متعین کریں اور نئے اہداف کے حصول کے لئے شعوری اِنتخاب کریں۔اُنہوں نے کہا، ’’ایک غیر یقینی دُنیا میں اِختراع اس وقت ممکن نہیں جب ہم پرانی ڈگر پر چلتے رہیں۔ نوجوانوں کو زیادہ کاروباری، مہم جو، تخلیقی اور غیر روایتی نقطہ نظر پر عمل کرنا چاہیے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں سکول کیمپسوں کو تجسس اور اِختراع کے مراکز میں تبدیل کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیم کو آزاد انہ تحقیق اور نئے خیالات کا ذریعہ بننا چاہیے اور کلاس روموںکو خوابوں اور امنگوںکے لئے لانچ پیڈ کے طور پر کام کرنا چاہیے۔تقریب میں وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان، اے ایل او ایچ اے (اے لوہا) اِنٹرنیشنل کے بانی لوہ من سنگ، ڈائریکٹر اے ایل او ایچ اے (اے لوہا) اِنٹرنیشنل کرن موٹوانی،ڈائریکٹراے ایل او ایچ اے (اے لوہا) جموں و کشمیر مبشر اسلم وفائی، پولیس و سول اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران، تعلیمی اِداروں کے سربراہان، اَساتذہ اور طلبأ نے شرکت کی ۔