1,101 نمونے لیبارٹری جانچ کیلئے حاصل،ملاوٹ شدہ خوراک کے خلاف سخت نگرانی جاری
سرینگر// فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن جموں و کشمیر نے ریاست بھر میں غذائی اشیاء کے معیار کو یقینی بنانے اور ملاوٹ کے خلاف جاری مہم کے تحت یکم جولائی سے 24 جولائی تک 1,642 معائنے انجام دیے، جن کے دوران مختلف غذائی اشیاء کے 1,101 نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے حاصل کیے گئے۔محکمہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اس عرصے کے دوران 878 انفورسمنٹ نمونے اور 223 سرویلنس نمونے جمع کیے گئے، جنہیں معیاری جانچ کے لیے لیبارٹریوں کو بھیجا گیا تاکہ خوراک کے معیار اور فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ایف ڈی اے کے مطابق حاصل کیے گئے نمونوں میں روزمرہ استعمال کی متعدد غذائی اشیائشامل ہیں۔ ان میں دودھ اور دودھ سے تیار کردہ مصنوعات کے 250 نمونے، خوردنی تیل اور چکنائی سے متعلق اشیاء کے 217 نمونے، اناج اور اناجی مصنوعات کے 178 نمونے، مصالحہ جات کے 243 نمونے جبکہ دیگر مختلف غذائی اشیاء کے بھی متعدد نمونے شامل ہیں۔یو این ایس کے مطابق محکمہ نے بتایا کہ معائنوں کے دوران مختلف خوراکی کاروباری اداروں میں پائی گئی خامیوں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 89 بہتری نوٹس بھی جاری کیے گئے، جن کے ذریعے متعلقہ کاروباری اداروں کو مقررہ مدت کے اندر اپنی خامیاں دور کرنے اور فوڈ سیفٹی معیارات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ایف ڈی اے نے واضح کیا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے ریاست بھر میں خوراکی اشیاء کی مسلسل نگرانی، معائنہ اور نمونہ برداری کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ ملاوٹ، غیر معیاری خوراک اور عوامی صحت کے لیے نقصان دہ اشیاء کی فروخت پر مؤثر طریقے سے قابو پایا جا سکے۔محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کسی بھی مقام پر غیر معیاری، ملاوٹ شدہ یا مشکوک غذائی اشیاء کی فروخت کی اطلاع ہو تو وہ فوری طور پر ایف ڈی اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 104 پر رابطہ کریں یا cfsjandk.fnd@jk.gov.in) پر ای میل کے ذریعے شکایت درج کرائیں تاکہ متعلقہ معاملے کی فوری تحقیقات کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔










