پرائمری کلاس یکم جون اور 12ویں جماعت تک کلاس 8 جون سے 22جولائی تک بند رہیں گے
سرینگر / / سی این آئی // جموں صوبے میں شدید گرمی کے بیچ محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں یکم جون سے گرمائی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ پرائمری کلاسوں کی چھٹیاں یکم جون جبکہ 12ویں جماعت تک کے اسکول 8 جون سے 22جولائی تک بند رہیں گے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں صوبے میں شدید گرمی کے بیچ محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں گرمائی تعطیلات کااعلان کیا ہے ۔ وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے ایکس پر ایک مراسلہ کے ذریعے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرائمری جماعتو ں کی چھٹیاں یکم جون 2026 سے شروع ہوں گی، جب کہ چھٹی سے 12ویں جماعت کے طلباء کے اسکول 8 جون 2026 سے بند ہوں گے۔اس کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق پرائمری کلاسوں کیلئے گرمیوں کی تعطیلات یکم جون سے 22 جولائی تک جاری رہیں گی، جب کہ جموں صوبے کے سمر زون کے تحت آنے والے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ پرائیویٹ اسکولوں میں چھٹی سے 12ویں جماعت کی چھٹیاں 8 جون سے 22 جولائی تک ہوں گی۔حکمنامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تدریسی عملہ 21 جولائی کو اسکولوں کو دوبارہ کھولنے سے متعلق تیاریوں کیلئے اپنے متعلقہ اسکولوں کو رپورٹ کرے گا، جس میں صفائی مہم، تدریسی مواد کی تیاری، سبق کی منصوبہ بندی، ٹائم ٹیبل پلاننگ اور آن لائن کلاسز اور آئی سی ٹی لیبز کے انتظامات شامل ہیں۔حکم نامے میں اساتذہ کو چھٹیوں کے دوران طلباء کی آن لائن رہنمائی کیلئے دستیاب رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ طلباء کی تعلیمی مدد اور سیکھنے میں اضافہ کیلئے نامزد ہائیر سیکنڈری اور ہائی اسکولوں میں سمر ٹیوٹوریلز اور علاج کی کلاسز کا اہتمام کیا جائے گا۔اس کے علاوہ تعطیلات کے دوران سرکاری اسکول کے طلباء کیلئے تعلیمی اسائنمنٹ مقررہ پیٹرن کے مطابق فراہم کیے جائیں گے۔ محکمہ نے متنبہ کیا کہ اداروں کے سربراہان یا تدریسی عملے کی جانب سے ہدایات پر عمل درآمد میں کوئی کوتاہی کی گئی تو قواعد کے تحت کارروائی کی دعوت دی جائے گی۔وزیر تعلیم نے طلباء کو محفوظ اور خوشگوار تعطیلات کی بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔










