سری نگر// چیف جسٹس ارون پلی کی سپریم کورٹ آف اِنڈیا کے جج کے طور ترقی کے اعزاز میں جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے سری نگر وِنگ میں چیف جسٹس کورٹ روم میں ایک باوقار اور پُروقار فُل کورٹ ریفرنس کا اِنعقاد کیا گیا۔یہ فُل کورٹ ریفرنس ہائی کورٹ کی دیرینہ روایات اور اِدارہ جاتی اَقدار کے مطابق منعقد کیا گیا۔ریفرنس میں جسٹس سنجیو کمار، جسٹس سندھو شرما، جسٹس رجنیش اوسوال، جسٹس سنجے دھر، جسٹس محمد اکرم چودھری، جسٹس راہل بھارتی، جسٹس موکشا کھجوریہ کاظمی، جسٹس وسیم صادق نرگل، جسٹس راجیش سیکھری، جسٹس محمد یوسف وانی، جسٹس سنجے پریہار اور جسٹس شہزاد عظیم سمیت ہائی کورٹ کے جج صاحبان اور ان کی اہلیہ صاحبات نے شرکت کی۔تقریب میں جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس، سابق جج ، چیف سیکرٹری جموںوکشمیر یوٹی، جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، سینٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل ،سری نگر بنچ کے جوڈیشل ممبر، سول اِنتظامیہ کے سینئر افسران بشمول کمشنرسیکرٹری قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، جموں اور سری نگر کے سینئر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز، جموں اور سری نگر میں تعینات ڈپٹی سالیسٹر جنرل آف اِنڈیا، کشمیر ایڈووکیٹس ایسوسی ایشن سری نگر کے صدر، سینئر وکلأ ، پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سری نگر، عدالتی اَفسران اور ہائی کورٹ رَجسٹری کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ جموں ونگ کے افسران، ملازمین اور وکلأ نے بذریعہ ورچیول موڈ تقریب میں شمولیت اِختیار کی۔ سینئر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سری نگر محسن قادری نے الوداعی خطاب پیش کیا۔ اُنہوں نے جسٹس ارون پلی کے شاندار عدالتی کیریئر، علمی بصیرت، انتظامی مہم اور اِنصاف کی فراہمی کے لئے اُن کی لگن کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا دوربصیرت، دیانت داری، عوامی رَسائی اور اِنصاف کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے، اِدارہ جاتی صلاحیت کو فروغ دینے اور عدلیہ کی اعلیٰ روایات کی پاسداری کے لئے ثابت قدمی کے ساتھ نمایاں رہا۔صدر کشمیر ایڈووکیٹ ایسوسی ایشن سری نگر نے اَپنے خطاب میں جسٹس ارون پلی کی انکساری، عدالتی دانشمندی، قابلِ رَسائی ہونے اور قانون کی حکمرانی کے لئے لگن کی ستائش کی اور قانونی کمیونٹی کی جانب سے ان کی سپریم کورٹ آف اِنڈیا میں ترقی پر نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔جسٹس سنجیو کمار نے بھی خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کے شاندار عدالتی سفر، غیر معمولی قیادت اور اِدارے کے لئے ان کی گرانقدر خدمات کا ذکر کیا۔ اُنہوں نے نظامِ انصاف اور ہائی کورٹ کے انتظامی امور پر جسٹس ارون پلی کی قیادت کے مثبت اثرات کو یاد کیا اور ان کی لگن، انکساری، فکری وضاحت اور عدالتی برتری کے عزم کو سراہا۔جسٹس ارون پلی نے الوداعی خطابات کے جواب میں اپنے ساتھی ججوں، بار کے ممبران، جوڈیشل اَفسران، رجسٹری کے اَفسران و ملازمین اور تمام شراکت داروں کا اَپنے دورِ ملازمت کے دوران تعاون، محبت اور سپورٹ پر دلی شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ساتھ اپنی وابستگی کو خوشگوار یادوں کے ساتھ بیان کیا اور اِدارے کی روایات، اَقدار اور آزادی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے بار کی خدمات اور ہائی کورٹ کے افسران و عملے کی انصاف کی مؤثر فراہمی کے لئے انتھک محنت کو بھی سراہا۔فُل کورٹ ریفرنس کی نظامت کے فرائض جسٹرارجنرل جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ ایم کے شرما نے انجام دئیے۔آخر میں جسٹس ارون پلی کو سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ان کے اعزاز میں خصوصی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔










