جاوید ڈار نے گلمرگ کنونشن سینٹر میں سہولیات کا معائینہ کیا

گلمرگ//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج گلمرگ کنونشن سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا تفصیلی معائینہ کیا۔دورے کے دوران وزیر موصوف نے موجودہ بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا اور متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی سیاح دوست سہولیات اور خدمات کے بارے میں مؤثر تشہیر اور معلومات کی وسیع پیمانے پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ مختلف محکموں کے درمیان بہتر تال میل قائم رکھا جائے تاکہ دُنیا کے مشہور سیاحتی مقام پر دستیاب سہولیات اور خدمات کے بارے میں سیاحوں کو اچھی طرح آگاہ کیا جا سکے۔اِس موقعہ پر جاوید ڈار نے بات کرتے ہوئے کہا کہ گلمرگ ملک کے اعلیٰ سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اُنہوں نے سیاحوں کے مجموعی تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی مسلسل اَپ گریڈیشن اور سیاح مرکوز خدمات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا، ’’گلمرگ نہ صرف کشمیر کی قدرتی خوبصورتی کی علامت ہے بلکہ خطے کی سیاحتی معیشت کا ایک کلیدی محرک بھی ہے۔ اِس تاریخی مقام پر آنے والے سیاحوں کے لئے عالمی معیار کی سہولیات اور مؤثر سرخدمات یقینی بنانا ناگزیر ہے۔‘‘جاویڈ ڈار نے گلمرگ کی ماحولیاتی اور قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھتے ہوئے مہمان نوازی اور بنیادی ڈھانچے کے اعلیٰ معیار کو قائم رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔معائینے کے دوران وزیر موصوف کے ہمراہ رُکن اسمبلی گلمرگ فاروق احمد شاہ اور ممبر اسمبلی بارہمولہ جاوید حسن بیگ بھی تھے۔