جاوید ڈار نے کسانوں سے بات چیت کی ، ہینڈ بُک جاری کی او ر بیداری دورے کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

جاوید ڈار نے کسانوں سے بات چیت کی ، ہینڈ بُک جاری کی او ر بیداری دورے کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

جموں// محکمہ باغبانی جموں نے کسان کیندرتالاب تلومیں کسانوں کے ساتھ ا یک استفساری سیشن کا اِنعقاد کیا جس میں انہیں ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا تاکہ وہ متعلقہ حکام کے سامنے اَپنے مسائل اور تجاویز کو اُجاگر کرسکیں۔اِس موقعہ پروزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ممبر اسمبلی جموں ویسٹ اروند گپتا مہما نِ ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔ استفساری سیشن کے دوران کسانوں نے وزیرموصوف کو باغبانی شعبے سے متعلق مختلف مسائل، چیلنجوں اور ضروریات سے آگاہ کیا اور باغبانی کی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے اور اپنی معاش کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔اِس موقعہ پر جاوید احمد ڈار نے محکمہ باغبانی کی ہینڈ بک کا اجرأ کیاجو کسانوں کے لئے ایک عملی رہنما گائیڈ کے طور پر تیار کی گئی ہے اور اس میں جدید باغبانی طریقوں، محکمانہ سکیموں اور ٹیکنالوجیوں سے متعلق مفید معلومات شامل ہیں۔اُنہوں نے اہل اِستفادہ کنندگان میں باغبانی کی مختلف سکیموں کے تحت مختلف اجزأکے لئے اَتھارٹی لیٹر بھی تقسیم کئے تاکہ وہ محکمانہ سکیموں سے فائدہ اُٹھا سکیں اور منظم انداز میں باغبانی سرگرمیاں اَنجام دے سکیں۔بعد میں وزیرجاوید ڈار نے کسانوں پر مبنی اس اقدام کے تحت جموں اور سانبہ میں سرکاری فروٹ پلانٹ نرسریوں کے تعلیمی و مشاہداتی دورے کے لئے کسانوں کو لے جانے والی بسوں کوہری جھنڈی دِکھا روانہ کیا۔ اس دورے کا مقصد کسانوں کو جدید نرسری اِنتظام، معیاری پودے لگانے کے مواد، پھلوں کی فصلوں کی پیداوار اور باغبانی کے دیگر جدید طریقوں کے بارے میں عملی معلومات فراہم کرنا ہے۔مشاہداتی دورے کے دوران کسان کرشی وگیان کیندر سانبہ، کرشی وگیان کیندر جموں،سکاسٹ جموں اور چکروئی فارم کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں مختلف ٹیکنالوجیوں، مظاہروں اور فیلڈ سطح کے طریقوں کا علم حاصل ہوگا۔اِس اقدام کا مقصد کسانوں کی فیلڈ سطح پر تکنیکی علم اور اس کے عملی اطلاق کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہے۔ اس پروگرام نے کسانوں کو بیداری، صلاحیت کی تعمیر، عملی نمائش اور باغبانی کی سکیموںکی مؤثر عمل آوری کے ذریعے بااِختیار بنانے کے محکمے کے مسلسل عزم کو اُجاگر کیاجس سے صوبہ جموں میں دیرپا اور جدید باغبانی کو فروغ ملے گا۔اِس پروگرام میں ڈائریکٹر ہارٹی کلچر جموں گل سعید، ڈائریکٹر دیہی ترقیات شہناز اختر، جوائنٹ ڈائریکٹر باغبانی جموں سلیل گپتا، ڈپٹی ڈائریکٹر باغبانی جموں (سینٹرل) مکیش شرما، چیف ہارٹی کلچر آفیسر جموں آر کوتوال، چیف ہارٹی کلچر آفیسر سانبہ انیل گورکھا، چیف کیننگ اِنسٹرکٹر سنجیو کمار کرلوپیا، این آر او ستیش کمار کے علاوہ محکمہ باغبانی کے دیگر افسران وملازمین اور بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔