جاوید ڈار نے مردم شماری 2027 کیلئے خود اِندراج مکمل کیا

جاوید ڈار نے مردم شماری 2027 کیلئے خود اِندراج مکمل کیا

اسے ڈیجیٹل گورننس میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا

سری نگر// وزیر برائے زرعی پیداوار ، وزیر زراعت، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمداد باہمی اور الیکشن محکمہ ات جاوید احمد ڈار نے مردم شماری 2027کے لئے خود اندراج کا عمل مکمل کیاجسے ہندوستان کی پہلی مکمل ڈیجیٹل اورپیپر لیس مردم شماری قرار دیا جا رہا ہے۔اُنہوںنے اس اقدام کو ملک کے ڈیجیٹل گورننس نظام میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مردم شماری میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، موبائل پر مبنی ڈیٹا جمع کرنے کے نظام اور خود اندراج کے طریقہ کار کو شامل کیا گیا ہے تاکہ شفافیت، درستگی، مؤثریت اور حقیقی وقت میں نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری مرکزی حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت بہتر حکمرانی اور ڈیٹاپر مبنی پالیسی سازی کے لئے ٹیکنالوجی کا اِستعمال کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے شہریوں پر زو ردیاکہ وہ مقررہ مدت کے اندر خود اندراج کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ جامع اور درست معلومات جمع کی جا سکیں۔17 ؍مئی سے 31 ؍مئی 2026 ء تک خود شماری کا مرحلہ منعقد کیا جا رہا ہے جس میں رہائش اور عمارت کے حالات سے متعلق کئی اہم پہلوؤں پر معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔ سوالنامے میں کلیدی پیرامیٹرز شامل ہیں جن میں رہائش کے حالات، گھریلو اثاثے، سہولیات، صفائی اور پینے کے پانی تک رَسائی، تعمیر کی نوعیت، مواصلات اور ٹرانسپورٹ سہولیات کے ساتھ ساتھ بجلی اور اِنٹرنیٹ کنکٹویٹی کی دستیابی شامل ہیں۔وزیر جاوید ڈارنے کہا کہ قابلِ اعتماد مردم شماری کے اعداد و شمار ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے لئے نہایت ضروری ہیں جن کی مدد سے حکومتیں سماجی و اِقتصادی ترقی اور عوامی فلاح کے لئے ہدفی پالیسیاں تشکیل دے سکتی ہیں۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر مردم شماری آپریشنز جموں و کشمیر امیت شرما اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ افسران نے وزیرموصوف کو مردم شماری پلیٹ فارم کے ڈیجیٹل ڈھانچے اور یونین ٹیریٹری میں مشق کو آسانی سے اَنجام دینے کو یقینی بنانے کے لئے بنائے گئے آپریشنل فریم ورک کے بارے میں بتایا۔