جاوید ڈار نے سکاسٹ کشمیر میں کسانوں کو’ تربیتی اور بیداری کیمپ‘ کیلئے جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

سری نگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج سکاسٹ کشمیر میں ایک روزہ تربیت اور بیداری پروگرام کے لئے کسانوں کے ایک گروپ کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔یہ پروگرام جے اینڈ کے کسان ایڈوائزری بورڈ کے ذریعہ منعقد کیا گیا تاکہ کسانوں کے علم اور جدید زرعی طریقوں کے بارے میں بیداری پیدا کی جاسکے ۔ تربیتی سیشن میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 80 ترقی پسند کسانوں نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے بات کرتے ہوئے زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے صلاحیت بڑھانے اور معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام کسانوں کو ہائی ڈینسٹی آرچڑ مینجمنٹ، اِنٹگریٹیڈ فارمنگ سسٹمز، ویسٹ ڈِی کمپوزر ٹیکنالوجی، جدید زرعی آلات اور مشینری اور پھلوں و سبزیوں کی پوسٹ ہارویسٹ مینجمنٹ کے بارے میں عملی معلومات حاصل کرنے میں مدد دے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے اَقدامات زرعی پیداوار میں بہتری، کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور جموں و کشمیر میں دیرپا زرعی طریقوں کے فروغ دینے کے لئے بہت ضروری ہیں۔ اُنہوں نے حصہ لینے والے کسانوں پر زور دیا کہ وہ پروگرام کے دوران حاصل کردہ علم کو مؤثر طریقے سے اِستعمال کریں اور اسے اَپنے اَپنے علاقوں میں ساتھی کسانوں میں پھیلا دیں۔تربیتی سیشن کے دوران کسانوں نے اَپنے تجربات اور خیالات کا تبادلہ بھی کیا اور ماہرین کے ساتھ نامیاتی کاشتکاری، فصلوں کے انتظام اور اُبھرتی ہوئی زرعی ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی۔اِس موقعہ پر ممبر قانون ساز اسمبلی لال چوک شیخ احسان احمد ، ڈائریکٹر ایگری کلچر کشمیر سرتاج احمد شاہ، سیکرٹری جموں و کشمیر کسان ایڈوائزری بورڈ بھومیش شرما، چیف ایگری کلچر آفیسر سری نگر اعجاز احمد، چیف ہارٹی کلچر آفیسر بارہمولہ جاوید احمد، چیف ہارٹی کلچر آفیسر سری نگر جیوتی پرشاد، چیف ہارٹی کلچر آفیسر بڈگام شفیقہ خالد اور چیف ہارٹی کلچر آفیسر گاندربل مدن لال سمیت متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔