جاوید ڈار نے سنبل اور بڈگام میں محرم الحرام کے اِنتظامات کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے محرم الحرام 2026کی آمد کے پیش نظر آج ضلع بانڈی پورہ کے سنبل اور ضلع بڈگام میں الگ الگ جائزہ میٹنگوںکی صدارت کی تاکہ مختلف محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے اور عقیدت مندوں کے لئے بہترین اِنتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔سنبل میں وزیر موصوف نے ڈاک بنگلہ میں سوناواری اور ملحقہ علاقوں میں عقیدت مندوں کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں ممبر اسمبلی سوناواری ہلال اکبر لون،ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ اندو کنول چب، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر افسران، مختلف محکموں کے سربراہان، شیعہ تنظیموں کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور دیگر شراکت داروں نے شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے وزیرموصوف کو ضلع اِنتظامیہ کی جانب سے محرم الحرام کے پُرامن، منظم اور احسن انعقاد کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے بجلی، پینے کے پانی، صفائی ستھرائی، صحت خدمات، سڑک رابطوں، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی تقسیم کی خدمات سے متعلق اِنتظامات کی تفصیلات پیش کیں۔مختلف شیعہ تنظیموں اور انجمنوں کے نمائندگان نے محرم الحرام کے دوران بنیادی سہولیات سے متعلق کئی مسائل اور ضروریات اُجاگر کیں۔ وزیر نے ان مسائل کو بغور سنا اور متعلقہ محکموں کو فوری اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔جاوید ڈار نے محرم الحرام کی مذہبی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لئے مختلف محکموں کے درمیان قریبی رابطہ اور ہم آہنگی ضروری ہے۔ اُنہوں نے اَفسران کو تمام ضروری انتظامات کو پہلے سے مکمل کرنے اور فراہم کی جانے والی سہولیات کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔اُنہوںنے امام بارگاہوں، مذہبی اِجتماعات کے مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی پر خصوصی زور دیا۔ اُنہوں نے میونسپل حکام اور دیہی ترقی محکمہ کو صفائی مہمات تیز کرنے،کچرے کے مناسب اِنتظام کو یقینی بنانے اور محرم الحرام کے دوران مطلوبہ اَفرادی قوت اور مشینری تعینات رکھنے کی ہدایت دی۔وزیر موصوف نے مذہبی تقریبات کے احسن طریقے سے اِنعقاد کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہر ممکن سہولیت فراہم کی جائے گی اور یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ وقت میں پورا کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی سوناواری ہلال اکبر لون نے ضلع اِنتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تمام محکموں کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے تقدس، نظم و ضبط اور پُرامن ماحول کو برقرار رکھنے میں بھرپور تعاون کریں۔بعد میں وزیر جاوید ڈار نے بڈگام میں ایک جامع جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع بھر میں محرم الحرام کے پُرامن اور منظم اِنعقاد کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اطہر عامر خان نے وزیر موصوف کو ضلع انتظامیہ کی تیاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام سے متعلق تقریبات اور جلوسوں کے احسن اِنعقاد کے لئے تمام ضروری اَقدامات کئے جا رہے ہیں۔وزیر موصوف نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل تمام اِنتظامات مکمل کئے جائیں اور عزاداروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ اُنہوں نے مذہبی اِجتماعات اور جلوسوں کے مؤثر اِنتظام کے لئے محکموں کے درمیان بہتر رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت محرم الحرام کے پُرامن اِنعقاد، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے پوری طرح پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے لئے دستیاب، متحرک اور جوابدہ رہیں تاکہ منتظمین یا مقامی باشندوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کا بروقت اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔وزیر نے محرم کمیٹیوں کے نمائندگان اور مقامی شراکت داروں سے بھی بات چیت کی جنہوں نے اِنتظامات کے حوالے سے مختلف ضروریات اور تجاویز کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ اضلاع میں محرم الحرام کا پُرامن اور منظم اِنعقاد یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ میںرُکن اسمبلی چاڈورہ علی محمد ڈار، ممبر اسمبلی بیروہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی اور ممبر قانون ساز اسمبلی خان صاحب ایڈووکیٹ سیف الدین بٹ بھی موجود تھے۔