سری نگر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امورجاوید احمد رانا نے ماتا ویشنو دیوی مندر کے قریب شدید بارشوں کے نتیجے میں پیش آنے والی لینڈ سلائیڈ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔اُنہوں نے اس المناک سانحے میں جاں بحق ہوئے اَفراد کے لواحقین سے دِلی اِظہارِتعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی وشفایابی کے لئے دُعا کی۔ وزیر موصوف نے کہا،’’ماں ویشنو دیوی مندر کے راستے میں لینڈ سلائیڈ سے کئی عقیدت مندوں کی موت کا واقعہ نہایت افسوسناک اور دِلخراش ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کی اَرواح کو دائمی سکون عطاکرے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ کی حکومت متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کے لئے تمام ضروری اَقدامات اُٹھا رہی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر انتظامیہ مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اَفسران کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔وزیر جاوید رانا نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اِختیار کریں۔










