جاوید رانا نے جموں وکشمیرمیں سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے جموں وکشمیرمیں سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے آج چیف اِنجینئروں اور دیگر سینئر اَفسران کے ساتھ جاری مانسون سیزن کے پیش نظر جموںوکشمیر میں سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاری اور بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا بالخصوص ان علاقوں میں جو سیلاب سے متاثرہ ہوتے ہیں۔وزیر موصوف نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام بڑے دریاؤںبالخصوص دریائے جہلم، راوی اور توی اور ان کی معاون ندیوں کے پانی کی سطح پر چوبیس گھنٹے نگرانی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے رام منشی باغ سری نگر میں فلڈ کنٹرول اینڈ مینجمنٹ روم کا بھی دورہ کیا اور تمام متعلقہ محکموں، ایجنسیوں اور شراکت داروں کو فوری اور مربوط ردِّ عمل کے قابل بنانے کے لئے قبل از وقت وارننگ سگنلز کی بروقت پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا ۔فلڈ کنٹرول محکمہ کے افسران نے وزیر کو جانکاری دی کہ محکمہ مکمل طور پر لیس اور کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔وزیر موصوف کوسیلاب سے نمٹنے اور مواصلاتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے ایک اہم پیش رفت میں بتایا گیا کہ محکمہ نے اِنفارمیشن اینڈ فورکاسٹنگ سیل (آئی ایف سی) کے اشتراک سے’’ کشمیر فلڈ واچ‘‘موبائل ایپ تیار کی ہے۔یہ موبائل ایپ جہلم اور اس کی اہم معاون ندیوں میں پانی کی سطح کے بارے میں رئیل ٹائم اَپ ڈیٹس فراہم کرتی ہے جو خودکار واٹر لیول ریکارڈرز کے نیٹ ورک سے حاصل ہوتی ہیں۔یہ ایپ اِبتدائی وارننگ جاری کرنے اور ہنگامی حالات میں بروقت اور باخبر فیصلے لینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔سیلاب سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے ایک جامع ادارہ جاتی نظام قائم کیا گیا ہے جس میں مرکزی فلڈ کمیٹی، ضلعی رابطہ کمیٹیاں، زونل فلڈ کمیٹیاں، سیکٹرز اور بیٹس شامل ہیںجنہیں مربوط طریقے سے وسائل کی فراہمی اور زمینی سطح پر عملانے کے لئے مخصوص رول اور ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔وزیر کو لاجسٹک محاذ پربتایا گیا کہ بڑی تعداد میںاِی سی بیگز کا کافی ذخیرہ تیار کیا گیا ہے جن میں سے بہت سے پہلے ہی بھر کر اہم مقامات پر رکھ دئیے گئے ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر اِستعمال کئے جا سکیں۔یہ سب ایک وسیع تر لاجسٹک اور تخفیفِ خطرات کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے یا شگاف کا فوری اور مؤثر ردِّعمل کی سہولیت فراہم کرنا ہے۔ وزیر جاوید احمد رانا نے فلڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی بروقت اور مؤثر کاوشوں کو سراہا اور عمر عبداللہ حکومت کی جانب سے اِنسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لئے بروقت اقدامات، ٹیکنالوجی پر مبنی حل اور عوامی بیداری کی پختہ عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے تمام محکموں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں، حکام سے تعاون کریں اور حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ڈیجیٹل ٹولز اورریئل ٹائم اپ ڈیٹس کا مؤثر اِستعمال کریں۔