کہا، عوام کے مسائل کا حل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے
جموں// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے جموں خطے کے مختلف علاقوں جن میں سانبہ، بڑی براہمنا، نگروٹہ اور دیگر علاقے شامل ہیں، کے متعدد وفود سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وفود نے اَپنے اَپنے علاقوں سے متعلق ترقیاتی مسائل اُجاگر کئے اور وزیر سے جلد مداخلت کی درخواست کی۔ سانبہ کے ایک وفد نے پانی کی غیر مستقل فراہمی کا مسئلہ اٹھایا اور پینے کے پانی کی مناسب دستیابی یقینی بنانے کی اپیل کی۔ ایک اور وفد نے فارسٹ رائٹس ایکٹ کے نفاذ اور زیر اِلتوا ٔمقدمات کے فوری نمٹارے سے متعلق معاملات اُٹھائے۔ایک علیحدہ وفد نے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور اپ گریڈ کرنے کی درخواست کی تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دیگر وفود نے بھی مقامی ترقیاتی مسائل اور عوامی شکایات پیش کیں۔وزیر موصوف نے تمام وفود کو بغور سُنا اور کہا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے شفاف، جوابدہ اور عوام دوست طرز حکمرانی پر زور دیا۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ پیش کردہ مسائل کا جائزہ لے کر ان کے بروقت حل کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کے لئے پُرعزم ہے کہ ترقیاتی فوائد ہر طبقے تک پہنچیں اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جائے۔وفود نے وزیرجاوید رانا کا شکریہ ادا کیا کہ اُنہوں نے انہیں اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع دیا اور ان کے حل کی یقین دہانی کی۔










