جاوید رانا نے ترہگام حلقے کے ترقیاتی مسائل کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے ترہگام حلقے کے ترقیاتی مسائل کا جائزہ لیا

اَفسران کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

سری نگر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ممبر اسمبلی میر سیف اللہ کی نمائندگی والے ترہگام حلقے کے ترقیاتی مسائل اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔یہ میٹنگ ترہگام کپواڑہ میں مختلف بنیادی ڈھانچے اور عوامی بہبود کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور حلقے میں ترقیاتی اَقدامات کو تیز کرنے کے طریقۂ کار پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے طلب کی گئی تھی۔میٹنگ میں پانی کی فراہمی، سڑک رابطے، عوامی بنیادی ڈھانچے اور دیگر شعبہ جاتی ضروریات سے متعلق مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے مختلف محکموں کی جانب سے جاری اور مجوزہ منصوبوں کا جامع جائزہ لیا۔ اُنہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لئے محکموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوںنے متوازن اور جامع ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی اُمنگوں اور مسائل کو وقت پرحل کیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی پیش رفت میں رُکاوٹ بننے والی رُکاوٹوں کی نشاندہی کریں اور ان کے حل کے لئے فوری اصلاحی اَقدامات کریں۔جاوید رانانے اِس بات پر زور دیا کہ عوامی بہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور خدمات کی فراہمی میں جوابدہی، شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ ترقی کے فوائد بغیر کسی تاخیر کے نچلی سطح تک پہنچیں۔ممبر اسمبلی میر سیف اللہ نے اَپنے حلقے کے مختلف مسائل اور ترقیاتی ضروریات کو اُجاگر کرتے ہوئے متعلقہ محکموں سے ان کے فوری حل کے لئے مداخلت کی درخواست کی۔میٹنگ میں متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔