راجوری//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امورجاوید احمد رانا نے آج گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کا دورہ کر کے منڈھار علاقے کے گھنی مقام پر پیش آ ئے المناک بس حادثے میں زخمی ہو ئے مسافروں کی صحت و خیریت دریافت کی۔وزیر موصوف نے دورے کے دوران ہسپتال میں تمام زخمی مریضوں سے بات چیت کی اور اُنہیں علاج و معالجہ اور صحتیابی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔ اُنہوں نے میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ اور ہسپتال کے عملے کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ہر ضروری اِمداد فراہم کی جائے۔وزیر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری ڈاکٹر راج کمار تھاپا اور دیگر ضلعی و شعبہ جاتی اَفسران بھی تھے ۔وزیر موصوف پیر پنجال خطے میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات پر گہری تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے روڈ سیفٹی کے لئے فوری اور ٹھوس اَقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے پہاڑی اور حادثہ خیز علاقوں میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے،ڈرائیوروں کی تربیت اور لائسنسنگ کے نظام کو مضبوط کیا جائے،ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے،تجارتی و مسافر گاڑیوں کا باقاعدہ معائینہ کیا جائے ،سڑک حفاظت سے متعلق عوامی بیداری مہمات چلائی جائیں،ماضی کے حادثات کا تفصیلی تجزیہ کر کے خطرے کے اہم عوامل کی نشاندہی کی جائے جیسے اقدامات پر زور دیا۔ بعد میں وزیرنے ڈاک بنگلہ راجوری میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی۔اُنہوں نے وفود کے مسائل بغور سنا اور متعلقہ اَفسرن کو موقعہ پر ہی عوامی شکایات کے بروقت اَزالے کے لئے ہدایات جاری کیں ۔ اُنہوں نے جامع ترقی اور جوابدہ حکمرانی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔










