جاوید احمد رانا نے طویل مدتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت دی

آفت زدہ علاقوں میں مستقل حفاظتی اقدامات ناگزیر، متاثرہ مقامات کی نشاندہی کی جائے

سرینگر/ جموں و کشمیر کے وزیر جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امور جاوید احمد رانا نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی تباہی سے متاثرہ ضلع پونچھ کے لیے ایک جامع اور طویل مدتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ سے متاثرہ تمام حساس مقامات کی نشاندہی کر کے مستقل حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔یو این ایس کے مطابق پونچھ میں زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے دوران وزیر نے متعلقہ افسران سے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے صرف ہنگامی اقدامات کافی نہیں بلکہ ایک پائیدار حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفات سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں مستقل حفاظتی ڈھانچہ تیار کیا جائے تاکہ انسانی جانوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔جاوید رانا، جو گزشتہ کئی روز سے اپنے آبائی ضلع پونچھ میں موجود رہ کر ریسکیو، راحت اور بحالی کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں، نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ بارشوں سے تباہ ہونے والی سڑکوں، پینے کے پانی کی اسکیموں، بجلی کے نظام اور دیگر بنیادی عوامی سہولیات کی بحالی جنگی بنیادوں پر مکمل کی جائے تاکہ متاثرہ آبادی کو درپیش مشکلات جلد از جلد کم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت تک صورتحال کی مسلسل نگرانی کرتی رہے گی جب تک علاقے میں مکمل طور پر معمولات زندگی بحال نہیں ہو جاتے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور بحالی کا عمل پوری ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔وزیر نے حالیہ بارشوں اور قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فوری ریلیف، بازآبادکاری، مالی امداد اور معاوضے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ متاثرہ افراد اپنی زندگی دوبارہ معمول پر لا سکیں۔یو این ایس کے مطابق دورے کے دوران جاوید رانا نے پونچھ کے شدید متاثرہ دیہات اور دور افتادہ علاقوں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور مکانات، سڑکوں، آب نوشی کی اسکیموں، آبپاشی کے نظام اور زرعی اراضی کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ سرکاری ترجمان کے مطابق وزیر ضلع انتظامیہ اور مختلف محکموں کی جانب سے جاری ریلیف اور بحالی کے کاموں کی رفتار کا بھی مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امدادی سرگرمیوں کا مرکز عوام کی ضروریات ہونی چاہئیں اور تمام اقدامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔جاوید رانا نے افسران کو ہدایت دی کہ نقصان اٹھانے والے تمام حقیقی متاثرین کا فوری سروے مکمل کیا جائے اور جو خاندان امداد اور معاوضے کے مستحق ہیں، انہیں کسی غیر ضروری تاخیر کے بغیر ریلیف اور مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ قدرتی آفت کے اثرات سے جلد از جلد باہر نکل سکیں۔واضح رہے کہ حالیہ شدید بارشوں، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ضلع پونچھ میں کم از کم 18 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد مکانات، سڑکیں، زرعی زمینیں اور بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا، جس کے بعد حکومت نے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ریسکیو، راحت اور بحالی کی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔