لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو کے معیار اور تیاری کا جامع جائزہ لیا جائے گا
سرینگر//یو این ایس// سری نگر کے تاریخی ہاری پربت قلعہ میں مجوزہ لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو منصوبے کو حتمی شکل دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر جموں و کشمیر حکومت نے منصوبے کے تھرڈ پارٹی انسپکشن کے لیے ایک خصوصی تکنیکی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی منصوبے کے فنی معیار، حفاظتی انتظامات اور آپریشنل تیاری کا جامع جائزہ لے گی۔یو این ایس کے مطابق چیف انجینئر پبلک ورکس (آر اینڈ بی) وسطی کشمیر کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی میں محکمہ بجلی، مکینیکل انجینئرنگ اور محکمہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے ماہر افسران کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ منصوبے کے تمام تکنیکی پہلوؤں کا باریک بینی سے معائنہ کیا جا سکے۔سرکاری ذرائع کے مطابق کمیٹی ہاری پربت قلعہ کا موقع پر دورہ کرکے نصب کیے گئے آڈیو ویڑول سسٹم، صوتی انجینئرنگ، روشنی کے انتظامات، برقی تنصیبات اور دیگر متعلقہ انفراسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ منصوبے کے مختلف اجزا کو منظور شدہ تکنیکی ڈیزائن اور معیار کے مطابق پرکھا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ہاری پربت قلعہ کی تاریخی، ثقافتی اور روحانی اہمیت کو جدید تکنیک کے ذریعے عوام اور سیاحوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف کشمیر کے تاریخی ورثے کو نئی شناخت ملے گی بلکہ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔کمیٹی کو یہ ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے کہ وہ منصوبے کے حفاظتی تقاضوں، نظام کی پائیداری اور آپریشنل تیاری کا جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات اور مشاہدات پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرے تاکہ عوامی افتتاح سے قبل تمام تکنیکی اور حفاظتی تقاضے مکمل کیے جا سکیں۔ماہرین کے مطابق ہاری پربت قلعہ میں لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو کا آغاز سری نگر کے ثقافتی اور ورثہ سیاحت کے شعبے میں ایک اہم اضافہ ثابت ہو سکتا ہے، جس سے مقامی اور بیرونی سیاحوں کو کشمیر کی تاریخ کو جدید اور دلکش انداز میں جاننے کا موقع ملے گا۔










