کولگام میں دو غیر مقامی مزدوروں کا قتل افسوسناک//عمر عبداللہ
سرینگر// وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے ضلع کْولگام میں دو غیر مقامی مزدوروں کے دہشت گردانہ حملے میں قتل کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مذہب میں بے گناہ انسانوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔یو این ایس کے مطابق منگل کو سری نگر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا۔ کوئی بھی مذہب بے گناہ لوگوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ صرف مذمت کے الفاظ کافی نہیں ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ جن اداروں کی ذمہ داری امن و امان برقرار رکھنا ہے، ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ایسے حملوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔واضح رہے کہ 31 جولائی کو ضلع کولگام کے کیلم میں ایک اینٹ بھٹے پر دہشت گردوں کے حملے میں چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے دو غیر مقامی مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔










