سری نگر//بہار قانون ساز اسمبلی کی مائنارٹی ویلفیئر کمیٹی کے وفد جس کی قیادت اس کے چیئرمین اخترالامان کر رہے تھے، نے جموںوکشمیر کے دورے کے دوران وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو اور وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی سے ملاقات کی۔دورانِ ملاقات بہار اور جموں و کشمیر کے ترقیاتی منظر نامے پرتفصیلی گفتگو ہوئی جس میں بالخصوص فلاحی اَقدامات، صحت، تعلیم اور اقلیتی کمیونٹیوں سے متعلق مسائل پرتوجہ مرکوز کی گئی۔ باہمی دلچسپی کے معاملات کے ساتھ ساتھ دونوں خطوں کے درمیان تعاون کومضبوط بنانے اور تجربات کے تبادلے کے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی۔دورے پر آئے ہوئے وفد نے جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی اَقدامات اور طرزِ حکمرانی کے اقدامات کو سراہا۔ دونوں جانب سے عوام کی فلاح و بہبود اور ہمہ جہت ترقی کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔










